دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایمریٹس روڈ پر منی بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک مبینہ طور پر تکنیکی خرابی کے باعث اچانک سڑک کے درمیان رک گیا۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی منی بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔
ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ منی بس ڈرائیور کی جانب سے ممکنہ طور پر توجہ نہ دینے اور محفوظ فاصلہ برقرار نہ رکھنے کے باعث یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد مسافر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، حادثہ تکنیکی خرابی اور ڈرائیور کی غفلت کے امتزاج کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
