پلوامہ/جنوبی ضلع پلوامہ میں سکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کے دوران دو ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک پستول، 12 گولیاں اور ایک دستی بم برآمد کیا ہے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی راجپورہ کے سی بی ناتھ علاقے میں یروان جنگلات میں مشتبہ ملی ٹینٹمعاونین کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص خفیہ اطلاع ملنے کے بعد پلوامہ پولیس نے فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کی 183 بٹالین کے اشتراک سے انجام دی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران مشترکہ ٹیموں نے دو افراد کو جنگلاتی علاقے سے سی بی ناتھ گاؤں کی جانب مشکوک انداز میں آتے ہوئے دیکھا۔عہدیدار کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو روک کر گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کی شناخت لطیف احمد دیداد ولد غلام محمد دیداد، ساکن لاسی ڈابن، اور اعجاز احمد باجد ولد نذیر احمد باجد، ساکن بن کھا بمنو، کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد کے قبضے سے ایک پستول، پستول کے 12 راؤنڈ اور ایک دستی بم برآمد کیا گیا۔عہدیدار کے مطابق اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن راجپورہ میں آرمز ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔