کولگام پولیس نے اے ٹی ایم فراڈ معاملے میں 9.5 لاکھ روپے برآمد کیے، دو ملزم مفرور، دو خواتین گرفتار

کولگام/کولگام پولیس نے اے ٹی ایم فراڈ کے ایک معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے بینک اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی کے ذریعے نکالی گئی 9.5 لاکھ روپے کی پوری رقم برآمد کرلی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں مبینہ طور پر جرم سے حاصل شدہ رقم وصول کرنے کے الزام میں دو خواتین کو گرفتار کیا ہے، جبکہ واردات میں ملوث دو مرکزی ملزمان تاحال مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق، اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں ایف آئی آر نمبر 254/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 303(2) اور 318(4) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔معاملہ 15 اکتوبر 2026 کو اس وقت سامنے آیا جب کولگام کے پتی آکھرن علاقے کی رہنے والی منیرہ ریشی، زوجہ گلزار احمد شان، نے پولیس پوسٹ میر بازار سے رجوع کرتے ہوئے شکایت درج کرائی کہ 5 اکتوبر کو میر بازار میں واقع ایک اے ٹی ایم پر ایک نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر دھوکہ دہی سے ان کا اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرلیا تھا۔ اس کے بعد ان کے بینک اکاؤنٹ سے غیر مجاز طریقے سے 9.5 لاکھ روپے نکال لیے گئے۔
اس موقع پر ایس ایس پی کولگام عنایت علی چودھری، نے عوام کو اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنا اے ٹی ایم کارڈ کسی اجنبی کے حوالے نہ کریں اور نہ ہی اپنا پن ، او ٹی پی یا بینکنگ سے متعلق خفیہ معلومات کسی کے ساتھ شیئر کریں۔ انہوں نے اے ٹی ایم پر اجنبی افراد سے مدد لینے سے گریز کرنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا غیر مجاز لین دین کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ بینک اور پولیس کو مطلع کرنے کی اپیل بھی کی۔پولیس کے مطابق، معاملے میں مزید تفتیش اور ضروری قانونی کارروائی جاری ہے

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں