جس تھالی میں کھا رہے ہیں اس میں چھید نہ کریں۔ عظمیٰ بخاری کا چوہدری سالک حسین کو جواب

مریم نواز نے پسند و ناپسند اور سفارش کا کلچر ختم کر دیا ہے، وفاقی وزیر کے بیان پر ردعمل

November 2, 2026 · امت خاص

پنجاب میں لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغازکردیا ہے، عظمیٰ بخاری

پنجاب میں لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغازکردیا ہے، عظمیٰ بخاری

 پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بوکھاری نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے پنجاب میں کرپشن اور سرکاری جہاز کے استعمال سے متعلق بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز نے صوبے میں پسند و ناپسند، سفارش اور قبضہ مافیا کا کلچر ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے۔

اپنے ایک طویل پوسٹ میں عظمیٰ بخاری نے لکھا کہ پنجاب میں اب ڈی سی تعیناتی کسی کی خواہش پر نہیں ہوتی اور سفارش کے ذریعے ملازمین پالنے کا رواج ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز کی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار تمام شہروں میں یکساں منصوبے شروع کیے ہیں۔ لاہور کی طرح ملتان، گجرات، رحیم یار خان، ساہیوال، سرگودھا اور وہاڑی میں بھی سڑکوں کا جال، الیکٹرک بسیں، لیپ ٹاپ، اسکالرشپ اور صفائی کا نظام فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت پورے پنجاب میں گھر تعمیر ہو رہے ہیں اور بجٹ کو شفاف طریقے سے چھوٹے شہروں تک منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز پہلی وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے سرکاری جہاز کے ذاتی استعمال پر خود ادائیگی کی ہے۔ گجرات میں 12 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی دیکھے بغیر کسانوں کو ٹریکٹر اور بچوں کو لیپ ٹاپ و اسکالرشپ دیے جا رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے چوہدری سالک حسین سے کہا کہ وہ بیان بازی کے بجائے شافع حسین سے حقائق معلوم کر لیں اور جس تھالی میں کھا رہے ہیں اس میں چھید نہ کریں۔

یہ بیان ایک نجی ٹی وی پروگرام کے جواب میں سامنے آیا جس میں چوہدری سالک نے پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سننے اور سرکاری جہاز کے استعمال پر سوال اٹھائے تھے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں