انتخابی ریلی کے دوران امریکی صدر کا بیان موضوع بحث
نوبیل امن انعام پر ٹرمپ کی تنقید، ناروے کے خلاف سخت الفاظ استعمال کر دیے
ریاست فلوریڈا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیا گیا ایک بیان اس وقت بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر شدید بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ ٹرمپ نے اچانک اپنی خاندانی زندگی کا ذکر چھیڑ کر سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے مجمع عام کے سامنے واشگاف الفاظ میں کہا کہ انہوں نے کبھی اپنی کسی بہن کو شادی کی پیشکش نہیں کی اور نہوہ کبھی ان کی طرف رومانوی طور پر متوجہ ہوئے ہیں۔ ا
امریکی صدر نے خاص طور پر اپنی بہن الزبتھ کا نام لیتے ہوئے انہیں ایک بہترین خاتون قرار دیا اور یہ وضاحت پیش کی۔
عوام اور تجزیہ کار اس بات پر حیران تھے کہ ماضی میں کبھی کسی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر ان کی اپنی سگی بہن سے شادی کرنے کا کوئی الزام نہیں لگایا، تو پھر امریکی صدر کو عوامی اسٹیج پر کھڑے ہو کر اتنی عجیب وضاحت کیوں دینی پڑی۔
دراصل اس عجیب و غریب بیان کا مقصد اپنے دفاع سے زیادہ اپنی کٹر سیاسی حریف اور ڈیموکریٹک پارٹی کی مسلم خاتون رکنِ کانگریس الہان عمر پر ایک گہرا طنز اور شدید سیاسی حملہ کرنا تھا، جس کے لیے ٹرمپ نے اس جملے کو ایک تمہید کے طور پر استعمال کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی سیاست کا قدامت پسند حلقہ طویل عرصے سے الہان عمر پر یہ متنازع اور غیر تصدیق شدہ الزامات لگاتا آیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں امریکی امیگریشن قوانین کو بائی پاس کرنے اور گرین کارڈ کے لیے اپنے ہی سگے بھائی سے شادی کی تھی۔
ٹرمپ نے اپنی اس تقریر میں دعویٰ کیا کہ حال ہی میں سامنے آنے والی کچھ عدالتی دستاویزات کے مطابق الہان عمر کا اصل خاندانی نام بھی وہی ہے جو ان کے سابق شوہر کا ہے۔ انہوں نے اسی بنیاد پر الہان عمر کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنے بھائی سے شادی کی، لیکن میں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
جس شخص کو ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامی الہان عمر کا بھائی قرار دے رہے ہیں، اس کا نام احمد نور سعید علمی ہے۔ وہ صومالیائی نژاد برطانوی شہری ہیں جنہوں نے منیاپولس سے اسکول کی تعلیم حاصل کی اور بعد میں برطانیہ کی یونیورسٹی آف برسٹل سے سوشل سائنس ریسرچ میتھڈز میں ماسٹرز کیا۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق الہان عمر اور احمد نور سعید علمی کی شادی سال دو ہزار نو میں منیسوٹا میں ہوئی تھی اور دو ہزار گیارہ میں ان کے درمیان مذہبی طور پر علیحدگی ہو گئی تھی، جس کے بعد علمی واپس برطانیہ منتقل ہو گئے تھے۔
ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ الہان عمر کا اصل نام الہان نور سعید علمی ہے، اور چونکہ ان کے سابق شوہر کا نام بھی احمد نور سعید علمی ہے، اس لیے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ دونوں سگے بہن بھائی ہیں جنہوں نے وفاقی اداروں کو دھوکہ دینے کے لیے شادی کا ڈرامہ رچایا۔دوسری جانب الہان عمر اور ان کی سیاسی ٹیم نے ان تمام الزامات کو ہمیشہ مضحکہ خیز، جھوٹا اور اسلامو فوبیا پر مبنی پروپیگنڈا قرار دے کر یکسر مسترد کیا ہے۔