کوئٹہ اور گردونواح میں طویل خشک سالی کے بعد موسم سرما کی پہلی بارش نے شہر کا موسم خوشگوار بنا دیا۔
بارش کی آمد کے ساتھ ہی فضا میں تازگی اور ٹھنڈک بڑھ گئی جبکہ طویل عرصے سے خشک موسم کا سامنا کرنے والے شہریوں کے چہروں پر خوشی نمایاں نظر آئی۔
کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کے علاوہ نواحی علاقوں اور پہاڑوں پر بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، بعض مقامات پر موسلادھار بارش نے قدرتی مناظر کو مزید دلکش بنا دیا۔ بارش کے بعد خشک اور گرد آلود فضا میں تازگی محسوس کی جا رہی ہے اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، بارش کے باعث فضا میں موجود گرد و غبار کم ہونے، ماحول میں تازگی آنے اور موسم خوشگوار ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل خشک موسم کے بعد بارش قدرت کی ایک خوبصورت نعمت ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات اور زیارت میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت 13، چمن میں 11، نوکنڈی میں 18، سبی میں 21، تربت میں 22، گوادر میں 19 اور جیوانی میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
https://www.facebook.com/share/r/19rMEckhnc/