تمام غیر ملکی اور پاکستانی ورکرز محفوظ مقام پر منتقل
تربیلا ڈیم کی ٹنل پانچ کا بند ٹوٹنے کے بعد پانی بہہ گیا۔ بعد میں تباہی کے مناظر
تربیلا ڈیم کے ٹی فائیو پاور پراجیکٹ میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے ٹنل فائیو میں پانی بھر گیا، تمام ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد کے مطابق پراجیکٹ پر کام کرنے والے تمام غیر ملکی اور پاکستانی کارکنوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ڈی سی ہری پورنے کہا کہ ٹنل میں پانی بھرنے سے ایک پاکستانی ورکر ڈوبالیکن اسے بحفاظت نکال لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہری پور حفاظتی بند ٹوٹنے کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ٹی فائیو پراجیکٹ میں کام غیر معینہ مدت تک بند کر دیا گیا ہے۔
ایک ٹی فائیو انجینئر کے مطابق واقعہ بلاسٹنگ کے باعث پیش آیا،تاہم اصل وجوہات کا تعین تکنیکی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
واپڈا نے باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ سیکنڈ بینچ کنیکٹنگ ٹنل (2nd Bench Connecting Tunnel) کی کھدائی کے دوران، چٹان کا ایک کمزور حصہ بیٹھ گیا، جس کی وجہ سے انٹیک پٹ (Intake Pit) کا پانی سرنگ اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہو گیا۔تمام کارکنوں کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق ،انٹیک پٹ سے پانی کو مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے اور اب زیریں بہاؤ (ڈاؤن اسٹریم) کے کام کے مقامات پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔ زیرِ تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے (ڈی واٹرنگ) کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
واپڈا (WAPDA) کے اعلیٰ حکام، انجینئر اور کنٹریکٹر اس وقت صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ٹی-5 (T-5) منصوبے کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹا جا سکے۔ ٹی-5 ٹنل کے گرنے کے بارے میں گردش کرنے والی معلومات غلط ہیں۔ مرکزی ٹنل، زیرِ تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ (tailrace culvert) یا سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ مزید برآں، افرادی قوت کا کوئی جانی نقصان یا کوئی زخمی نہیں ہوا ۔
تربیلا ڈیم میں بند ٹوٹنے کے سبب ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہونے والا پانی نکال لیا گیا۔
واپڈا نے ایک اعلامیے میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹنل سے پانی مکمل طور پر خارچ ہو چکا ہے جب کہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا کام جاری تھا۔#TarbelaDam #T#tarbelatunnel5 pic.twitter.com/MLPmFamQc1— Daily Ummat (@ummatdigitalpk) November 9, 2026