دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان 10 جنوری تک متوقع

سری نگر/جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) نے دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات کے نتائج 10 جنوری تک جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
بورڈ کے چیئرمین غلام حسن شیخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات خوش اسلوبی سے جاری ہیں اور آئندہ دو ہفتوں میں امتحانات مکمل ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی کوشش ہے کہ تینوں جماعتوں کے نتائج 10 جنوری تک اعلان کیے جائیں۔
مفت درسی کتابوں کی تقسیم کے حوالے سے چیئرمین نے کہا کہ تعلیمی زونوں تک کتابیں پہنچانے کا عمل آئندہ 8 سے 10 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ کی جانب سے مفت کتابیں زونل ایجوکیشن دفاتر تک پہنچائی جاتی ہیں، جس کے بعد اہل طلبہ میں ان کی تقسیم کی ذمہ داری ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کی ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے تقریباً 8 لاکھ 20 ہزار طلبہ مفت درسی کتابوں کے اہل ہیں، جن میں کشمیر ڈویژن کے 3 لاکھ 31 ہزار طلبہ بھی شامل ہیں۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ کئی برسوں بعد پہلی مرتبہ تعلیمی سیشن کے آغاز کے ساتھ ہی درسی کتابوں کی تقسیم کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں زونل افسران کو تقسیم کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ شیڈول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں