اہم پیش رفت، چاروں حملہ آوروں کی شناخت، پولیس کی کارروائیاں جاری۔
پشاور میں نادرا افسر فہد خان کے قتل کے خلاف تحقیقات اور پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔
پشاور کے علاقے حیات آباد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان کے قتل کو 72 گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس تاحال واردات میں ملوث کسی ایک ملزم کو بھی گرفتار نہیں کر سکی، تاہم تحقیقاتی ٹیم نے مرکزی ملزم کی نشاندہی اور اس کے تین ساتھیوں کی شناخت کر لی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول بلٹ پروف گاڑی اور ذاتی محافظوں کے ہمراہ دفتر آیا کرتے تھے، اور حملہ آوروں نے واردات کے روز مقتول کے اکیلے دفتر آنے کا فائدہ اٹھایا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کا یہ واقعہ دیرینہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے دوران مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتیجے میں واردات میں ملوث چار حملہ آوروں کی شناخت ممکن ہوئی۔ تحقیقاتی ٹیم کو ملزمان کی نقل و حرکت، واردات سے قبل مقتول کا تعاقب کرنے اور واردات کے بعد فرار ہونے کے راستوں سے متعلق بھی اہم شواہد ملے ہیں۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے یونیورسٹی ٹاؤن سے مقتول کا تعاقب کیا اور واردات میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان ملوث پائے گئے۔
پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ان کے شناختی کارڈ بلاک کرکے بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کے لیے سرحدی راستوں اور ہوائی اڈوں پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ادھر، 3 روز گزرنے کے باوجود کوئی گرفتاری عمل میں نہ آنا پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہا ہے اور مقتول کے اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں۔ رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) نور عالم خان اور سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان نے علاقے کے مشران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ مقتول فہد خان کی شادی چند روز بعد طے تھی اور گھر میں خوشیوں کا ماحول تھا، تاہم اس ناگہانی واقعے نے ہنستے بستے گھر کی خوشیاں چھین لیں۔