سعودی عرب پر حوثی میزائل حملے ناکام، تین میزائل تباہ

سعودی سول ڈیفنس نے ریاض، ابہا اور خمیس مشیط میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کیا، جسے کچھ دیر بعد واپس لے لیا گیا۔

November 10, 2026 · اہم خبریں

سعودی عرب پر حوثی میزائل حملے ناکام، تین میزائل تباہ

سعودی عرب پر حوثی میزائل حملے ناکام، تین میزائل تباہ

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے ریاض اور ملک کے جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے تین میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔ تباہ کیے جانے والے میزائلوں میں ایک کروز میزائل اور دو بیلسٹک میزائل شامل ہیں۔

یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ سعودی دفاعی نظام نے ریاض ریجن اور جنوبی علاقوں کی طرف آنے والے میزائلوں کو بروقت روک کر تباہ کر دیا۔

سعودی سول ڈیفنس نے ریاض، ابہا اور خمیس مشیط میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کیا، جسے کچھ دیر بعد واپس لے لیا گیا۔

یہ میزائل حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب سعودی عرب کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سے قبل مدینہ منورہ کے علاقے میں سعودی عرب کی مشرق تا مغرب تیل پائپ لائن کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ وزارت توانائی کے مطابق امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا تھا اور واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب عرب اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں حوثی ملیشیا کی بیلسٹک میزائل تیار کرنے اور جوڑنے والی تین تنصیبات تباہ کر دی گئی ہیں۔

ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق کارروائی میں بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کی فیکٹری، میزائلوں کے ٹھوس ایندھن کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیائی کارخانہ اور میزائلوں کے برقی نظام تیار کرنے والی ورکشاپ کو نشانہ بنایا گیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں