سعودی عرب کی اہم تیل پائپ لائن پر حملہ، مدینہ منورہ میں آگ بھڑک اٹھی

ہنگامی امدادی اور تکنیکی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا۔

November 10, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

سعودی عرب کی اہم تیل پائپ لائن پر حملہ، مدینہ منورہ میں آگ بھڑک اٹھی

سعودی عرب کی اہم تیل پائپ لائن پر حملہ، مدینہ منورہ میں آگ بھڑک اٹھی

سعودی عرب کی اہم مشرق تا مغرب تیل پائپ لائن کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مدینہ منورہ کے علاقے میں محدود پیمانے پر آگ لگ گئی۔ سعودی حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور تیل کی ترسیل کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت توانائی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پیر 9 نومبر کو ملک کے مغربی علاقے مدینہ منورہ میں پائپ لائن پر حملہ کیا گیا۔ سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے بعد ہنگامی امدادی اور خصوصی تکنیکی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ بجھا دی۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی یا  جاں بحق نہیں ہوا، جبکہ پائپ لائن کے آپریشنز بھی متاثر نہیں ہوئے۔ تاہم سعودی حکام نے تاحال حملے کی ذمہ داری کسی گروہ پر عائد نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً 1200 کلومیٹر طویل یہ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی علاقوں سے خام تیل بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع تک پہنچاتی ہے۔ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور تیل کی بحری ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث یہ پائپ لائن سعودی عرب کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔

سعودی عرب اس راستے کے ذریعے روزانہ تقریباً 40 لاکھ بیرل خام تیل منتقل کر رہا ہے، جو عالمی تیل کی رسد کا تقریباً 4 فیصد بنتا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ستمبر میں بھی ڈرون حملوں کے بعد اس پائپ لائن کو کئی روز کے لیے بند کرنا پڑا تھا۔ سعودی عرب نے ان حملوں کا الزام عراق سے کارروائی کرنے والے مسلح گروہوں پر عائد کیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں