ٹوٹا دل جوڑا جا سکتا ہے، سائنسدانوں نے طریقہ ڈھونڈ نکالا

یہ طریقہ علاج مستقبل میں دل کے دورے اور دل کی کمزوری کے مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن بن سکتا ہے، تاہم انسانوں پر اس کی آزمائش ابھی باقی ہے۔سائنسدان

November 10, 2026 · امت خاص

ٹوٹا دل جوڑا جا سکتا ہے، سائنسدانوں نے طریقہ ڈھونڈ نکالا

ٹوٹا دل جوڑا جا سکتا ہے، سائنسدانوں نے طریقہ ڈھونڈ نکالا

برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے دل کے تباہ شدہ پٹھوں کو دوبارہ پیدا کرنے کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ نئی تحقیق میں جینیاتی طریقہ علاج کے ذریعے دل کے ایسے خلیوں کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے جو عام طور پر پیدائش کے بعد اپنی افزائش کی صلاحیت کھو دیتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق سائنسدانوں نے ایک ایسا تجرباتی طریقہ تیار کیا ہے جس میں دل میں عارضی جینیاتی ہدایات پہنچائی جاتی ہیں۔ ان ہدایات کے ذریعے مخصوص پروٹینز کو فعال کیا جاتا ہے، جو دل کے خلیوں کی تقسیم اور افزائش میں مدد دیتے ہیں اور متاثرہ پٹھوں کی مرمت کا عمل شروع کرتے ہیں۔

یہ تجربہ چوہوں پر کیا گیا، جنہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد نیا علاج دیا گیا۔ نتائج میں دل کی دھڑکن کی مضبوطی میں بہتری اور خون کی روانی میں 10 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ علاج کے اثرات 28 دن بعد بھی برقرار تھے اور کم از کم چار ماہ تک بہتری دیکھی گئی۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دل کے خلیے بچپن کے بعد بہت کم تعداد میں دوبارہ پیدا ہوتے ہیں۔ 25 سال کی عمر تک سالانہ صرف ایک فیصد خلیوں کی تجدید ہوتی ہے، جبکہ 75 سال کی عمر میں یہ شرح کم ہو کر 0.45 فیصد رہ جاتی ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر کیتھرین ولسن کے مطابق یہ نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں اور مستقبل میں دل کی کمزوری کے شکار لاکھوں افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

برطانوی ہارٹ فاؤنڈیشن کے چیف سائنسی و طبی افسر پروفیسر برائن ولیمز نے بھی اس تحقیق کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انسانی دل کو خود اپنی مرمت کے قابل بنانا امراض قلب کے ماہرین کا ایک بڑا خواب ہے۔

تاہم سائنسدانوں نے واضح کیا ہے کہ یہ تحقیق ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور فی الحال اس کے نتائج صرف چوہوں پر سامنے آئے ہیں۔ انسانوں پر اس طریقہ علاج کی آزمائش سے پہلے بڑے جانوروں پر مزید تجربات کیے جائیں گے۔

یہ تحقیق سائنسی جریدے نیچر کارڈیو ویسکولر ریسرچ میں شائع ہوئی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں