وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آج انطالیہ میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن (UNFCCC) کے تحت کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دوطرفہ ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کے مثبت سمت میں آگے بڑھنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم اور ترک صدر نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس میں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی کے شعبے میں اشتراک اور علاقائی روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز رہی۔
دونوں رہنماؤں نے جاری اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔
صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے دوران مستقل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے قومی مفاد کے بنیادی امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد اور یکجہتی کی دیرینہ روایت کا مظہر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور سوڈان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے موجودہ چیلنجز کے تناظر میں سوڈان کے برادر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔دونوں رہنماوٴں نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر مفید تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے بالخصوص ترقی پذیر ممالک پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں جانب سے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
دریں اثنا وزیراعظم نے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے سیلاب کی پیشگی پیشگی اطلاع، آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت، گلیشیئرز کی نگرانی اور بروقت انتباہی نظام کے شعبوں میں فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور فن لینڈ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم و ہنرمندی کے فروغ، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں مستقبل پر مبنی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان میں نوکیا، وارٹسلا، میٹسو اور ویسالا سمیت فن لینڈ کی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ٹیلی کمیونیکیشن، جدید مینوفیکچرنگ، ماحول دوست ٹیکنالوجیز اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔دونوں رہنماوٴں نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات کے خطرات میں کمی اور ماحولیاتی تعاون کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے سیلاب کی پیشگی اطلاع، آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت، گلیشیئرز کی نگرانی اور بروقت انتباہی نظام کے شعبوں میں فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
مذاکرات، ثالثی اور تنازعات کے پْرامن حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں رہنماوٴں نے یوکرین اور مغربی ایشیا کے تنازعات کے پْرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
صدر الیگزینڈر اسٹب نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کی سہولت کاری میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماوٴں نے باہمی روابط کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے مزید قابل عمل اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے صدر الیگزینڈر اسٹب کو باہمی طور پر موزوں وقت پر پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم انطالیہ سے وطن واپس روانہ ہوگئے، جمہوریہ ترکیہ کے نائب وزیر ماحولیات حسن سوور نے وزیراعظم کو انطالیہ ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔