کشمیر کے بلند و بالا علاقوں میں تازہ برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ

سادھنا ٹاپ اور زوجیلا پاس سمیت کئی پہاڑی علاقوں میں ایک فٹ سے زائد برف جمع، سونہ مرگ میں موسم کی پہلی برف باری، مغل روڈ مسلسل دوسرے روز بھی بند

سری نگر/جموں و کشمیر کے متعدد بالائی علاقوں میں جمعہ کو بھی تازہ برف باری کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور سڑک رابطے متاثر ہوئے۔ اس دوران وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع سیاحتی مقام سونہ مرگ میں رواں موسم کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سادھنا ٹاپ اور رازدان پاس پر ایک فٹ سے زائد برف جمع ہوئی، جبکہ سنتھن ٹاپ پر 8 سے 10 انچ تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح زیڈ گلی اور مرگن ٹاپ پر 6 سے 8 انچ، جبکہ زوجیلا پاس پر 5 سے 6 انچ برف جمع ہوئی۔پیر کی گلی میں 5 سے 8 انچ، بالتل میں 4 سے 6 انچ، وادی گریز میں 3 سے 5 انچ اور سونہ مرگ میں 2 سے 3 انچ تازہ برف باری ہوئی۔ گلمرگ میں بھی تقریباً ایک سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی۔
ادھر جموں صوبے کے ڈوڈہ اور راجوری اضلاع کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برف باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس سے پورے خطے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔دریں اثنا، جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو پونچھ اور راجوری کے جڑواں اضلاع سے ملانے والی تاریخی مغل روڈ پیر کی گلی میں شدید برف باری کے باعث مسلسل دوسرے روز بھی ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند رہی۔
بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے سڑک سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، تاہم مسلسل برف باری کے باعث بحالی کے کام میں رکاوٹ آنے کا خدشہ ہے۔ حکام کے مطابق موسم سازگار رہنے کی صورت میں جمعہ کے روز سڑک کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔
شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں چوکی بل-تنگدھار سڑک پر بھی برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات سری نگر نے جمعہ کو عمومی طور پر مطلع ابر آلود رہنے، میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں بیشتر مقامات پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے تازہ موسمیاتی بلیٹن کے مطابق بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش اور برف باری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اور 15 نومبر کو چند مقامات پر مختصر وقفوں کے ساتھ ہلکی بارش اور برف باری ہو سکتی ہے، جبکہ 16 سے 20 نومبر تک جموں و کشمیر میں عمومی طور پر موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ نے 12 اور 13 نومبر کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 6 سے 8 ڈگری سیلسیس تک نمایاں کمی کی پیش گوئی بھی کی ہے۔ اس دوران چند مقامات پر گرج چمک، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو کٹی ہوئی فصلوں کو محفوظ مقامات پر رکھنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برف باری کے باعث اہم پہاڑی درّوں اور سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔محکمہ نے مسافروں، ٹرانسپورٹروں اور سیاحوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر کا منصوبہ بناتے وقت موسمی حالات کو مدنظر رکھیں اور متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں