عالمی یومِ اطفال :ہر بچے کے تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے اجتماعی عہد ضروری: سکینہ ایتو

سرینگر/وزیر صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ مسعود ایتو نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر معاشرے کے تمام طبقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر بچے کی معصومیت، صحت اور خوابوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی عہد کریں۔وزیر موصوفہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر بچے کی مسکراہٹ کے پیچھے ہزاروں خواب پوشیدہ ہوتے ہیں اور ہر بچہ ایک بہتر کل کی امید ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی بچے کو خاموشی سے تکلیف برداشت کرنے، مشکلات کے باعث اپنی معصومیت کھونے یا صحت مند اور خوشگوار بچپن کی خوشیوں سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔
سکینہ ایتو نے کہا کہ بچوں کے عالمی دن پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہر بچے کی مسکراہٹ کا تحفظ کیا جائے، اس کے خوابوں کو پروان چڑھایا جائے اور اسے محبت، غذائیت، طبی سہولیات اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بچے کی مسکراہٹ معاشرے کی خوشی کا سب سے پاکیزہ پیمانہ ہے اور بچوں کی فلاح و بہبود ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔وزیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں ہر بچے کو صرف ایک بہتر مستقبل ہی نہیں بلکہ ایسا خوبصورت بچپن بھی فراہم کرنا چاہیے جسے وہ زندگی بھر یاد رکھ سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں