بڈگام ریلوے اسٹیشن سے 1600کلوگرام مضرِ صحت گوشت ضبط، ایف آئی آر درج، ذمہ داروں کی شناخت کے لیے تحقیقات شروع

بڈگام/ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پولیس کی جانب سے فوڈ سیفٹی محکمہ کو اطلاع دیے جانے کے بعد تقریباً 1600 کلوگرام خراب اور مضرِ صحت گوشت ضبط کیا گیا۔ مذکورہ کھیپ سے خون رس رہا تھا اور اس سے شدید بدبو آ رہی تھی، جس کے بعد حکام نے فوری کارروائی عمل میں لائی۔ریلوے پولیس بڈگام کی ایس ایچ او بینظیر اقبال نے بتایا کہ ویٹرنری محکمہ کے ڈاکٹروں نے موقع پر گوشت کا معائنہ کیا اور اپنی رپورٹ میں اسے انتہائی خراب حالت اور ممکنہ طبی خطرات کے پیش نظر انسانی استعمال کے لیے ناقابلِ قبول قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ گوشت کو تحصیلدار، میونسپل کمیٹی بڈگام کے ایگزیکٹو آفیسر اور فوڈ سیفٹی محکمہ کے افسران کی موجودگی میں تلف کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعہ 271 کے تحت ایف آئی آر نمبر 05 درج کر لی گئی ہے، جبکہ گوشت کی نقل و حمل اور اس کی ہینڈلنگ میں ملوث ذمہ دار افراد کی شناخت کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ گوشت کی مذکورہ کھیپ پر کوئی شناختی نشان موجود نہیں تھا اور نہ ہی اسے کسی قابلِ شناخت شخص کے نام پر بک کیا گیا تھا۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ مناسب دستاویزات کے بغیر ریلوے حکام نے ایسی کھیپ کو کس طرح قبول کیا۔انہوں نے کہا کہ گوشت کی نقل و حمل کے لیے ضروری دستاویزات، جن میں مذبح خانے کا سرٹیفکیٹ، ویٹرنری سرٹیفکیٹ اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (FSSAI) کی منظوری شامل ہے، لازمی ہیں۔ اس کے علاوہ گوشت کو مقررہ درجہ حرارت یعنی منفی 18 ڈگری سیلسیس یا اس سے کم پر محفوظ رکھنے کے لیے مناسب ریفریجریشن کا انتظام بھی ضروری ہے۔
تاہم ضبط شدہ گوشت عام پیکنگ میں لایا گیا تھا اور اس کے ساتھ نہ برف موجود تھی اور نہ ہی اسے ٹھنڈا رکھنے کا کوئی مناسب انتظام کیا گیا تھا۔دریں اثنا، اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی بڈگام مفتی عمر نے بتایا کہ جمعہ کو سہ پہر تقریباً 3 بجے ریلوے پولیس کی جانب سے محکمہ کو اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد فوڈ سیفٹی ٹیم فوری طور پر ریلوے اسٹیشن پہنچی اور کھیپ کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ معائنے کے دوران گوشت انتہائی خراب حالت میں پایا گیا، کنٹینروں سے خون رس رہا تھا اور ان سے شدید بدبو اٹھ رہی تھی۔ مزید یہ کہ گوشت کو مقررہ منفی 18 ڈگری سیلسیس یا اس سے کم درجہ حرارت پر منتقل نہیں کیا گیا تھا۔
مفتی عمر کے مطابق ویٹرنری سرجن نے گوشت کا معائنہ کرنے کے بعد اسے انسانی استعمال کے لیے ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے سرٹیفکیٹ جاری کیا، جس کی بعد ازاں فوڈ سیفٹی ٹیم، فوڈ اینالسٹ اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ وین کے حکام نے بھی تصدیق کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے تعینات مجسٹریٹ نے ضبط شدہ گوشت کو تلف کرنے کے احکامات جاری کیے تاکہ اسے عوامی تقسیم کے نظام یا بازار تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوراک کی کسی بھی مشتبہ کھیپ کی نقل و حمل یا فروخت سے متعلق محکمہ کو فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ عوامی صحت کے تحفظ اور غذائی اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں