اسپیڈ رَن اے آئی لیبز نے سافٹ ویئر کی نقل تیار کرنے اور اسے بہتر بنانے والا نیا اے آئی ٹول متعارف کرا دیا

سڈنی: آسٹریلیا کی کمپنی اسپیڈ رن اے آئی لیبز نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ایسے ایجنٹس کے لیے ایک نیا مفت اوپن سورس ٹول متعارف کرایا ہے جو کسی موجودہ سافٹ ویئر کا جائزہ لے کر اس جیسا نیا سافٹ ویئر تیار کر سکتا ہے اور پھر مسلسل اس کی خامیاں دور کرتے ہوئے اسے اصل سافٹ ویئر کے برابر لانے کی کوشش کرتا ہے۔

’ریورس انجینئر اینی تھنگ وِد اے سیلف لرننگ لوپ‘ نامی یہ ٹول ایم آئی ٹی لائسنس کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ان اداروں اور ٹیموں کی مدد کرنا ہے جنھیں کسی سافٹ ویئر کی نقل تیار کرنے یا اس کا متبادل بنانے کی اجازت حاصل ہو۔

کمپنی کے مطابق جب کسی اے آئی ایجنٹ سے کہا جاتا ہے کہ وہ پہلے سے تیار اور جاری شدہ کسی سافٹ ویئر پروڈکٹ کو دوبارہ بنائے تو اکثر نتیجہ تقریباً 80 فی صد تک درست ہوتا ہے۔ وہ دیکھنے میں اصل جیسا محسوس ہوتا ہے اور اس کے نمایاں افعال بھی کام کرتے ہیں، لیکن اس کے بعد کام رک جاتا ہے۔

ایک کھولا ہوا لیپ ٹاپ میز پر رکھا دکھائی دے رہا ہے۔ ریورس انجینئرنگ (Reverse Engineering) جیسے عمل میں سافٹ ویئر کو کھول کر اس کے اجزا اور کوڈ کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ وہ کس طرح کام کرتا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ کسی نے یہ تحریری طور پر متعین نہیں کیا ہوتا کہ سو فی صد تکمیل سے مراد کیا ہے، اور نہ ہی کوئی ایسا طریقۂ کار موجود ہوتا ہے جو تیار کردہ نظام کا اصل نظام سے موازنہ کر سکے۔ لیکن اب یہ نیا ٹول اس آخری 20 فی صد تکمیل کو ایک باقاعدہ طریقۂ کار کی شکل دیتی ہے، اور اس کمی کو دور کر دیتا ہے۔

یہ ٹول سب سے پہلے اصل سافٹ ویئر کا جائزہ لے کر اس کے تمام اہم افعال کی فہرست بناتا ہے۔ اس میں ہر کام کے لیے یہ طے کیا جاتا ہے کہ کیا معلومات دی جائیں گی، اس کے جواب میں کیا نتیجہ آنا چاہیے اور اس کی درستگی کیسے جانچی جائے گی۔ ان کاموں کو تین درجوں میں تقسیم کیا جاتا ہے: لازمی (Must-have)، ترجیحی (Should-have) اور دائرۂ کار سے باہر (Out of Scope)۔

اس کے بعد نئے تیار کردہ سافٹ ویئر کو اصل سافٹ ویئر کے ساتھ بار بار جانچا جاتا ہے۔ دونوں میں ایک جیسی معلومات فراہم کر کے ان کے نتائج کا موازنہ کیا جاتا ہے اور ہر مرحلے میں بتایا جاتا ہے کہ کون سے افعال درست کام کر رہے ہیں اور کہاں خامیاں موجود ہیں۔ اس عمل کے دوران کوڈ لکھنے والے شخص کو اصل سافٹ ویئر کا ڈی کمپائل کیا گیا متن فراہم نہیں کیا جاتا، تاکہ اس کی بنیاد پر براہِ راست کوڈ نقل کرنے کی بہ جائے نئے سرے سے سافٹ ویئر تیار کیا جائے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹول اس وقت تک کام مکمل قرار نہیں دیتا جب تک مسلسل دو جائزوں میں تمام لازمی تقاضے پورے نہ ہو جائیں۔ اگر دو مراحل تک پیش رفت رک جائے، بجٹ ختم ہو جائے یا کسی خامی کو دور کرنے کے لیے محفوظ مواد یا کسی کمپنی کے اندرونی نظام تک رسائی درکار ہو تو یہ کام روک کر انسانی آپریٹر سے رہنمائی طلب کرتا ہے۔

اہم خصوصیت خود سیکھنے کا نظام


اس ٹول کی ایک اہم خصوصیت اس کا خود سیکھنے کا نظام ہے۔ ہر منصوبے کے بعد یہ اپنی جانچ کے طریقوں، تجربات اور خامیاں دور کرنے کے حل کو محفوظ کرتا ہے، تاکہ آئندہ منصوبوں میں ان سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ تاہم، ان معلومات کو محفوظ کرنے سے پہلے انسانی آپریٹر کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔ کمپنی کے مطابق، یہ نظام خفیہ معلومات، ذاتی ڈیٹا یا اصل سافٹ ویئر کا کوئی متن محفوظ نہیں کرتا اور نہ ہی اپنے تیار کردہ اصولوں کو خودکار طور پر نافذ کرتا ہے۔

اسپیڈ رن اے آئی لیبز نے واضح کیا ہے کہ یہ ٹول کسی دوسرے ادارے کے سافٹ ویئر کی غیر مجاز نقل تیار کرنے، حفاظتی نظاموں کو توڑنے یا محفوظ ڈیجیٹل مواد حاصل کرنے کے لیے نہیں بنایا گیا۔ اسے استعمال کرنے سے پہلے متعلقہ سافٹ ویئر کی نقل تیار کرنے کی اجازت اور اس کے دوبارہ استعمال کی حدود کی تصدیق ضروری ہے۔ اس کے علاوہ منظوری دینے والا شخص درخواست کرنے والے سے الگ ہونا چاہیے۔

یہ نیا ٹول کلاڈ کوڈ (Claude Code) اور اوپن کلا (OpenClaw) میں استعمال کیا جا سکتا ہے، جب کہ ٹرمینل اور فائلوں تک رسائی رکھنے والے دیگر اے آئی ایجنٹس کے ساتھ بھی کام کر سکتا ہے۔ اس کے اجرا کے ساتھ اسپیڈ رن اے آئی لیبز کی مفت اوپن سورس اسکل لائبریری میں موجود ٹولز کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

اسپیڈ رَن کا بانی عدنان تنویر


عدنان تنویر نے کہا ’’جس کسی نے بھی اے آئی ایجنٹ سے سافٹ ویئر دوبارہ تیار کرنے کے لیے کہا ہے، اسے ایک ہی مسئلے کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔ ایجنٹ کام کا 80 فی صد حصہ مکمل کر لیتا ہے اور پھر رک جاتا ہے، کیوں کہ کسی نے یہ تحریری طور پر متعین ہی نہیں کیا ہوتا کہ کام مکمل ہونے سے مراد کیا ہے۔‘‘

بانی اسپیڈرن اے آئی لیبز نے کہا ’’یہ ٹول پہلے اس تعریف کو تحریری شکل دیتی ہے اور پھر اس وقت تک کام جاری رکھتی ہے جب تک تمام لازمی تقاضے پورے نہ ہو جائیں۔ اسے ان ٹیموں کے لیے تیار کیا گیا ہے جو اپنا سافٹ ویئر دوبارہ بنا رہی ہوں یا جس سافٹ ویئر کو دوبارہ بنانے کی انھیں اجازت حاصل ہو۔ اس پورے عمل میں کوئی انسان اس بات کی منظوری دیتا ہے کہ تکمیل کا معیار کیا ہوگا اور اسکل اپنے اندر کون سے اسباق محفوظ رکھے گی۔‘‘

اسپیڈ رن اے آئی لیبز


اسپیڈرَن اے آئی لیبز (Speedrun AI Labs) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں قائم ایک مصنوعی ذہانت کی کمپنی ہے۔ یہ ایسے اے آئی ایجنٹس تیار کرتی ہے جو سائبر سیکیورٹی اور کاروباری اداروں کو قواعد و ضوابط کی پابندی میں مدد دیتے ہیں۔

کمپنی کے دو اہم اے آئی ایجنٹس ہیں۔ پہلا اینٹن (Anton) ہے، جو سائبر سیکیورٹی کے معاملات میں مدد دیتا ہے، جب کہ دوسرا جوزف (Joseph) ہے، جو مالیاتی شعبے سے وابستہ کاروباری اداروں کو متعلقہ قوانین اور ضابطوں کی پابندی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ ان دونوں ایجنٹس کے کام میں انسانی نگرانی بھی شامل رہتی ہے۔

اس کے علاوہ کمپنی اے آئی ایجنٹس کے لیے مفت اوپن سورس ٹولز بھی تیار کرتی ہے، جنھیں دوسرے ڈویلپرز اپنی ضرورت کے مطابق استعمال اور بہتر بنا سکتے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں