یہ فہرست اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے مرتب کی ہے، جو 2009 سے ہر سال دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی رپورٹ جاری کرتا ہے۔
دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر پہلے نمبر پر آگئے
یہ فہرست اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے مرتب کی ہے، جو 2009 سے ہر سال دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی رپورٹ جاری کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ پہلی بار ایک سے زیادہ شخصیات کو مشترکہ طور پر سرفہرست رکھا گیا ہے۔ اس کی وجہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کو قرار دیا گیا ہے، جسے مسلم ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں اہم پیش رفت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب کے معاشی وسائل، ترکیہ کی جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی صلاحیت جبکہ پاکستان کی عسکری قوت ایک مشترکہ دفاعی تعاون کی شکل اختیار کر رہی ہے۔
فہرست میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای چوتھے اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم پانچویں نمبر پر ہیں۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی چھٹے جبکہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بارہویں نمبر پر موجود ہیں۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو 22ویں پوزیشن دی گئی ہے۔
پاکستان کی مذہبی شخصیات میں مفتی محمد تقی عثمانی ساتویں اور مولانا طارق جمیل 32ویں نمبر پر ہیں، جبکہ مصری فٹبالر محمد صلاح کو 39ویں پوزیشن ملی ہے۔
فہرست میں فلسطینی صدر محمود عباس 45ویں، شام کے عبوری صدر احمد الشرع 46ویں اور نیویارک کے میئر ظہران ممدانی 49ویں نمبر پر شامل ہیں۔
سیاسی شخصیات کے اعزازی تذکروں میں حماس کے سربراہ خلیل الحیہ، پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان، لندن کے میئر صادق خان اور امریکی سینیٹر منتخب ہونے والے عبدالسلام ال سیّد کے نام بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں پاکستان کی معاشی مشکلات، علاقائی سلامتی کے چیلنجز اور عالمی طاقتوں کے ساتھ سفارتی توازن برقرار رکھنے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تزویراتی تعلقات برقرار رکھنے کے ساتھ ایران کے ساتھ سفارتی رابطے بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے فلسطینی بچوں کے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو سال کی اہم ترین مرد شخصیت جبکہ ایران کے شہر میناب میں اسکول پر حملے سے بچ جانے والی فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو سال کی اہم ترین خاتون شخصیت قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے غزہ میں طبی مراکز پر حملوں کے باوجود مریضوں کی خدمت جاری رکھی۔ انہیں اسرائیلی حراست میں 600 سے زائد دن گزارنے والی شخصیت کے طور پر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
فاطمہ زہرا شیخ آبادی نے اسکول پر امریکی حملے میں زندہ بچنے کے بعد جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کیا اور میناب کے متاثرہ بچوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کی اپیل کی۔