امیدوار نے رواں سال اپریل اور جولائی میں ہونے والے امتحان کے دونوں مراحل میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی
اے آئی سے نقل کرکے ٹاپ کرنے والے امیدوار پکڑا گیا
جنوبی کوریا میں قومی سطح کے ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے نقل کرنے کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امیدوار نے رواں سال اپریل اور جولائی میں ہونے والے امتحان کے دونوں مراحل میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس نے اپنے وکیل کے ذریعے پولیس کو تحریری اعتراف بھی بھجوایا ہے۔
امیدوار نے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے اور 160 سوالات میں سے صرف ایک کا جواب غلط دیا تھا۔ اس غیر معمولی کارکردگی کے بعد اس پر اسمارٹ چشمے استعمال کرکے نقل کرنے کے الزامات لگے، تاہم اس نے ابتدا میں ان الزامات کی تردید کی تھی۔
بعد ازاں اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں امیدوار نے بتایا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے کے ذریعے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں اور انہیں مصنوعی ذہانت کو بھیج کر جوابات حاصل کیے۔ اس کے مطابق وہ اسمارٹ فون پر ان جوابات کو دیکھتا رہا۔
امیدوار نے اپنے عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمت چھوڑ کر کاروبار شروع کرنے کے بعد اسے مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ وہ پیسے کمانا چاہتا تھا اور اچھی ملازمت چھوڑنے کے بعد والدین کو مایوس کرنے کے احساس سے بھی پریشان تھا۔
سیئول میٹروپولیٹن پولیس ایجنسی کے مطابق امیدوار کے وکیل کی جانب سے اعترافی بیان موصول ہونے کے بعد معاملہ تفتیش کاروں کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
امتحان منعقد کرانے والے ادارے ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ سروس آف کوریا کے مطابق امیدوار کے امتحان کے دوران دو نگران موجود تھے۔ ادارے کے سربراہ لی بیونگ ہون نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیدوار کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں فوجداری شکایت درج کرائی جائے گی۔
یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا میں 19 نومبر کو ملک کا انتہائی اہم اور مسابقتی یونیورسٹی داخلہ امتحان ’سونیونگ‘ منعقد ہونے والا ہے۔ صدارتی دفتر نے واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے قومی سطح کے تمام پیشہ ورانہ اور اہلیتی امتحانات میں اے آئی کے ذریعے نقل کے مشتبہ واقعات کی جامع تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام نے اسمارٹ چشموں کے ذریعے نقل کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ ادارے کے مطابق گزشتہ ماہ گیس انجینئر سرٹیفکیشن کے امتحان میں ایک امیدوار کو مصنوعی ذہانت سے لیس اسمارٹ چشمے استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ اکتوبر میں حکومت نے یونیورسٹی داخلہ امتحان کے دوران ایسے آلات استعمال کرنے والے طلبہ کے خلاف بھی فوجداری کارروائی کا اعلان کیا تھا۔