اڑان بھرنے کے بعد انڈیگو طیارہ کے لینڈنگ گیئر میں آئی خرابی، پونے ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ

انڈیگو کی ایک پرواز میں تکنیکی خرابی آنے کے بعد پونے ایئرپورٹ پر اس کی بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی۔ طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں۔ افسران نے بتایا کہ اتوار (15 نومبر) کو پونے سے گوہاٹی جا رہی انڈیگو کی پرواز 6ای 0623 میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 192 افراد سوار تھے۔ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارہ میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو اطلاع دی کہ ٹیک آف کے بعد طیارے کا لینڈنگ گیئر (انڈر کیریج) اندر نہیں جا سکا اور باہر ہی رہ گیا۔

پرواز میں تکنیکی خرابی کی اطلاع ملتے ہی پونے ایئرپورٹ انتظامیہ نے اے ٹی سی، انڈیگو اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا۔ ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) نے ’فل ایمرجنسی‘ کا اعلان کر دیا، جس کے بعد تمام مقررہ ہنگامی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔ مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فائر سروس، ایمبولنس اور دیگر ہنگامی ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا۔ احتیاط کے طور پر طیارہ نے رن وے کے اوپر سے ایک ’لو پاس‘ (کم بلندی پر پرواز) کی، تاکہ باہر سے لینڈنگ گیئر کی حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس کے بعد طیارہ صبح 09:04 بجے پونے ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا۔

لینڈنگ کے بعد مقررہ ہنگامی طریقۂ کار کے تحت 3 فائر بریگیڈ گاڑیوں اور 2 ایمبولنس کی مدد سے طیارہ کو ’بے نمبر 7‘ تک لے جایا گیا۔ طیارہ کے مکمل طور پر محفوظ اور معمول کی حالت میں ہونے کی تصدیق کے بعد اے ٹی سی نے صبح 09:10 بجے ’فل ایمرجنسی‘ ختم کر دی۔ اس کے بعد طیارہ کے ساتھ ایرو برج جوڑا گیا اور تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ طیارہ میں سوار تمام 192 افراد (مسافر اور عملے کے ارکان) محفوظ ہیں اور کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انڈیگو متاثرہ مسافروں کو گوہاٹی تک پہنچانے کے لیے بنگلورو سے ایک دوسرا طیارہ پونے منگوا رہی ہے۔

پونے ایئرپورٹ انتظامیہ نے ہندوستانی فضائیہ، اے ٹی سی، انڈیگو اور دیگر ہنگامی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا۔ یہ پورا آپریشن مقررہ ہنگامی طریقہ کار کے تحت انجام دیا گیا، جس میں مسافروں اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں