وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی طرف سے گہرے رنج کا اظہار
تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذرالرحمان کا انتقال
تبلیغی جماعت کے امیر ،ممتاز عالمِ دین، شیخ الحدیث مولانا نذرالرحمان انتقال کر گئے ہیں۔
مولانا نذرالرحمان کو 2018 میں تبلیغی جماعت کا امیر مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی تمام زندگی دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت اور تبلیغی مشن کے فروغ کے لیے وقف رکھی، جس کے باعث وہ دینی حلقوں میں ایک انتہائی معتبر اور اہم مقام رکھتے تھے۔
ان کی رحلت کی خبر سامنے آتے ہی ملک بھر کے مذہبی اور دینی حلقوں میں گہرے دکھ اور سوگ کی فضا چھا گئی۔
ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا حتمی اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا نذرالرحمان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر داخلہ نے سوگوار خاندان اور تبلیغی جماعت کے اکابرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے دینِ اسلام کی سربلندی اور تبلیغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔