کانگریس ’انڈیا بلاک‘ کے ساتھ مل کر یوپی کی عوام کے سامنے ایک مضبوط متبادل پیش کرے گی: کھڑگے

آئندہ سال اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سیاسی ہلچل دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ آج کانگریس کے سرکردہ لیڈران نے ایک اہم میٹنگ کر حالات کا جائزہ بھی لیا ہے تاکہ ’انڈیا بلاک‘ کی سبھی پارٹیاں مل کر خوشگوار ماحول میں سیٹوں کی تقسیم کریں۔ یہ میٹنگ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر ہوئی، جس کے بعد کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ بھی جاری کی۔ پوسٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آج اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر لیڈران کے ساتھ ریاست کے سیاسی حالات اور آئندہ اسمبلی انتخاب سے متعلق غور و فکر ہوا۔‘‘

کھڑگے نے اس میٹنگ میں ہوئی بات چیت کی تفصیل تو نہیں بتائی، لیکن یہ ضرور کہا کہ اتر پردیش کا آئندہ اسمبلی انتخاب ملک کی سیاست کو نئی سمت عطا کرے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی عوام تبدیلی کی طرف دیکھ رہی ہے اور سماجی انصاف، یکساں مواقع و محروم طبقات کے حقوق کو مضبوط ہوتے دیکھنا چاہتی ہے۔ سیٹوں کی تقسیم سے متعلق انھوں نے کہا کہ ’’مجھے پورا یقین ہے کانگریس پارٹی ’انڈیا بلاک‘ کے ساتھ مل کر اتر پردیش کی عوام کے سامنے ایک مضبوط متبادل پیش کرے گی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ کھڑگے کی رہائش پر ہوئی میٹنگ میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، یوپی کانگریس صدر آرادھنا مشرا عمران مسعود اور راجندرپال گوتم جیسے لیڈران شامل ہوئے۔ اس میٹنگ میں سماجوادی پارٹی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کو لے کر پہلے کانگریس کے اندر اہم فیصلہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد 17 نومبر کو کانگریس کی سماجوادی پارٹی کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ سماجوادی پارٹی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم سے متعلق کانگریس کی 2 حکمت عملی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایک طرف آرادھنا مشرا ہیں، جو سماجوادی پارٹی کے تئیں بے حد نرم رخ رکھتی ہیں، اور دوسری طرف عمران مسعود و راجندر پال گوتم ہیں جو اپنی پارٹی کے مینڈیٹ اور احترام کی بات کرتے ہوئے ‘جارحانہ‘ رخ دکھا رہے ہیں۔ اس طرح کانگریس اتر پردیش میں سیاسی طور پر توازن بنائے رکھنے کا بہترین داؤ کھیل رہی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں