ریزرویشن والی سیٹوں کے روٹیشن کا اختیار حکومت کے پاس ہے: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کا مہاراشٹر میں ایس سی-ایس ٹی ریزرو سیٹوں کے روٹیشن پر اہم حکم آیا ہے۔ اپنے حکم میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کسی ووٹر یا امیدوار کا کسی خاص انتخابی حلقہ کو ایس سی-ایس ٹی کے لیے ریزرو کرانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی والی 3 ججوں کی بنچ نے واضح کیا ہے کہ ریزرو سیٹوں کا روٹیشن کس طریقے سے اور کس مدت کے اندر ہوگا، یہ مکمل طور پر انتظامیہ یعنی حکومت کے صوابدید پر منحصر ہے۔

سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخاب میں سیٹوں کے ریزرویشن کے طریقۂ کار اور روٹیشن کے ضابطوں سے متعلق 2025 کے رول 12 کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج کر دی۔ عدالت نے کہا کہ 2025 کی ترمیم کے بعد ہونے والے آئندہ انتخاب کو روٹیشن کے لیے پہلا انتخاب ماننے میں کچھ غلط نہیں ہے۔ عرضی گزار کی دلیل تھی کہ روٹیشن کا سلسلہ نئے سرے سے شروع ہونے سے کم ایس سی/ایس ٹی آبادی والے انتخابی حلقوں کو کبھی ریزرویشن نہیں مل پائے گا۔

جسٹس جوئے مالیہ باگچی نے کہا کہ آئین اور قوانین کے تحت لوکل باڈیز کی کل آبادی میں ایس سی/ایس ٹی کے تناسب کی بنیاد پر سیٹوں کا ریزرویشن ہوتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ قانون ریزرو سیٹوں کے روٹیشن کا التزام کرتا ہے، لیکن اس کے طریقۂ کار اور وقت کی حد کا فیصلہ کرنا مکمل طور پر حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے۔ سپریم کورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ رول 12 ریزرویشن یا سیٹوں کے روٹیشن کے تصور کے خلاف نہیں ہے۔ غور طلب ہے کہ مہاراشٹر کے لوکل باڈیز انتخابات سے جڑے معاملات کی سماعت سی جے آئی سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ ہی کر رہی ہے، جس میں کچھ خصوصی سماعتوں کے دوران جسٹس وی موہنا یا جسٹس وِپل پنچولی بھی تیسرے جج کے طور پر شامل رہے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں