’چوری چھپتی نہیں، کسی نہ کسی طرح قلعی کھل ہی جاتی ہے‘، رام مندر چندہ چوری معاملہ پر کانگریس پھر حملہ آور

رام مندر چندہ چوری معاملہ پر کانگریس نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت کو نشانے پر لیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ’چڑھاوا چوری، عقیدہ سے دھوکہ‘ عنوان کے ساتھ طویل سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کہتے ہیں نہ کہ چوری کبھی چھپتی نہیں، اور کسی نہ کسی شکل میں اس کی قلعی کھل ہی جاتی ہے۔ ایودھیا کے شری رام مندر میں عطیات کی چوری معاملے میں ہر روز ہو رہے نئے انکشافات مرکز اور اتر پردیش کی حکومتوں کے ذریعہ بی جے پی-آر ایس ایس-وی ایچ پی سے منسلک لوگوں کو بچانے کی کوششوں کا پردہ فاش کر رہے ہیں۔‘‘

کانگریس لیڈر نے اپنی پوسٹ میں موجودہ حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی سوالات بھی برسراقتدار طبقہ کے سامنے اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’معاملہ اب صرف چوری کا نہیں رہ گیا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا جانچ کے نام پر ملک کی عوام اور سپریم کورٹ دونوں کو گمراہ کیا گیا؟ واضح ہے کہ 2 ایس آئی ٹی بنائی گئی… ایک لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے اور دوسری عدالت کو دکھانے کے لیے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’20 جولائی کو سپریم کورٹ میں حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ پہلی ٹیم جانچ نہیں کر رہی تھی، پھر 4 اگست کو وزیر اعلیٰ نے اسمبلی میں اسی ٹیم کی ابتدائی جانچ کا حوالہ کیوں دیا؟ ایسا کس بنیاد پر کیا گیا؟ کیا ایوان کو غلط جانکاری دی گئی، یا سپریم کورٹ کو گمراہ کیا گیا؟ اگر جانچ ہی نہیں ہوئی تھی تو کس عبوری رپورٹ کی بنیاد پر 6 جولائی کو ٹرسٹ نے چمپت رائے کو کلین چٹ دے دی تھی؟‘‘

جئے رام رمیش نے اس سوشل میڈیا پوسٹ میں یکے بعد دیگرے کئی سوالات داغے ہیں، جو بہت کچھ سوچنے کو مجبور کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’مزید ایک سنگین سوال ہے۔ آئی جی کرن ایس پہلی ٹیم میں بھی شامل تھے اور سپریم کورٹ کے حکم کے بعد تشکیل ایس آئی ٹی کے چیف بھی بنے۔ اگر پہلی ٹیم جانچ نہیں کر رہی تھی، تو اس میں ان کا کردار کیا تھا؟ اور اگر اسی ٹیم یا اس کے افسران نے کوئی رپورٹ ٹرسٹ کو سونپی، تو کس اختیار اور کس حکم کے تحت؟‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی پوچھتے ہیں کہ ’’اگر ان کی رکنیت والی پہلی ایس آئی ٹی نے ٹرسٹ کو رپورٹ سونپی اور اس کی بنیاد پر ٹرسٹ نے اپنے افسران کو کلین چٹ دے دی، تو دوسری رپورٹ کی ضرورت ہی کیا رہ جاتی ہے؟ اس میں کیا نتائج برآمد ہونے والے ہیں، یہ تو پہلے ہی طے مان لیا جائے گا۔‘‘

کانگریس جنرل سکریٹری کے مطابق سپریم کورٹ کے 17 اگست کے حکم میں واضح ہے کہ ایس آئی ٹی فورنسک آڈیٹر کے ساتھ ٹرسٹ کے طریقۂ کار سے جڑے جرائم کی جانچ کر رہی تھی۔ حکم میں اسٹیٹس رپورٹ عدالت میں سیل بند لفافہ میں داخل کرنے کا انتظام بھی درج ہے۔ ایسے میں اگر 17 اگست کو ایک ایس آئی ٹی کی رپورٹ ٹرسٹ کو سونپے جانے کی خبریں درست ہیں، تو یہ کس کے حکم سے ہوا؟ وہ یہ سوالات بھی پوچھتے ہیں کہ ’کیا سپریم کورٹ کو اس کی جانکاری تھی، اور کیا اس کی اجازت لی گئی تھی؟ کیا سپریم کورٹ کو دونوں ایس آئی ٹی میں ایک ہی سینئر آئی پی ایس افسر کو شامل رکھنے کی بات بتائی گئی تھی؟ عدالت کے لیے ایک خفیہ رپورٹ اور ٹرسٹ کے لیے کھلی رپورٹ، یہ دوہرا پیمانہ کیوں؟

جئے رام رمیش نے اس سوشل میڈیا پوسٹ میں سوالات کی ایک طرح سے بارش کر دہی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’23 ستمبر کو داخل فرد جرم میں معاملہ کاؤنٹنگ سنٹر کے 8 ملازمین تک محدود کیسے رہ گیا اور سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود اس میں ٹرسٹ کے طریقۂ کار سے متعلق جرائم اور ذمہ دار عہدیداروں کے کردار کا ذکر کیوں نہیں کیا گیا؟ اگر انہی افسران والے جانچ نظام کی رپورٹ ٹرسٹ کو سونپ دی گئی، جبکہ سپریم کورٹ کے سامنے رپورٹ سیل بند لفافہ میں داخل کی گئی، تو اس جانچ کی غیر جانبداری اور خود مختاری پر سنگین سوال اٹھانا فطری ہے۔ کیا ایسی جانچ پر ملک اور سپریم کورٹ بھروسہ کر سکتے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس کا مطالبہ شروع سے ہی واضح رہا ہے، اب وقت ہے کہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں ایک نئی اور خود مختار ایس آئی ٹی تشکیل دی جائے، جو براہ راست سپریم کورٹ کو رپورٹ کرے۔ جانچ کا دائرہ صرف کاؤنٹنگ سنٹر تک محدود نہ رہے بلکہ ٹرسٹ کے طریقہ کار اور ہر ذمہ دار شخص کے کردار کی بھی غیر جانبدارانہ جانچ ہو۔ پوسٹ کے آخر میں جئے رام رمیش نے 3 اہم مطالبات بھی سامنے رکھے ہیں، جو اس طرح ہیں:

  1. وزیر اعلیٰ کے ذریعہ اسمبلی میں پیش کردہ پہلی ایس آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن اور اس کے کام کی ہدایت برسرعام کی جائے۔

  2. پہلی ٹیم کی عبوری اور حتمی دونوں رپورٹس برسرعام کی جائیں۔ یہ بھی بتایا جائے کہ یہ رپورٹس کی حق سے ٹرسٹ کو سونپی گئیں؟

  3. ایک نئی اور خود مختار ایس آئی ٹی تشکیل ہو، جو براہ راست صرف سپریم کورٹ کو رپورٹ کرے اور ٹرسٹ کے طریقۂ کار سمیت سبھی پہلوؤں کی جانچ کرے۔

مذکورہ بالا 3 مطالبات سامنے رکھنے کے بعد جئے رام رمیش نے کہا ہے کہ ’’رام مندر کروڑوں ہندوستانی باشندوں کے عقیدہ کی علامت ہے، کسی ٹرسٹ یا شخص کی ذاتی ملکیت نہیں۔ رام کے نام پر چڑھائے گئے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا۔ عقیدہ کے نام پر جوابدہی سے بچنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔‘‘ ساتھ ہی پی ایم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’وزیر اعظم جی، آپ کی خاموشی ملک کو پریشان کر رہی ہے۔ عطیات چوری کا سچ سامنے آنا ہی چاہیے۔ عقیدہ کے ساتھ دھوکہ کرنے والوں کی جوابدہی طے ہونی چاہیے۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں