بنگال کی خلیج میں اٹھنے والا سمندری طوفان ’اکوان‘ شدت اختیار کرتے ہوئے شدید گردابی طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے۔ طوفان کی سمت میں تبدیلی کے بعد آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں 19 سے 21 نومبر کے درمیان شدید سے بہت شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ساحلی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بدھ کی صبح اپنے ابتدائی اندازے میں کہا تھا کہ طوفان 20 نومبر کی دوپہر آندھرا پردیش میں نیلور اور وشاکھاپٹنم کے درمیان ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ اس وقت طوفان کے ساتھ 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور جھکڑوں کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
تاہم، بدھ کی دوپہر محکمہ موسمیات نے اپنے پیش گوئی میں تبدیلی کرتے ہوئے کہا کہ طوفان کے آندھرا پردیش کے نرساپور اور اڈیشہ کے پوری کے درمیان ساحلی علاقے سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ اس دوران ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، طوفان گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران تقریباً 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال-شمال مغرب کی جانب بڑھا اور شدید گردابی طوفان میں تبدیل ہوگیا۔ بدھ کی صبح ساڑھے پانچ بجے یہ چنئی سے تقریباً 580 کلومیٹر مشرق میں، سری لنکا کے ترنکومالی سے 650 کلومیٹر شمال مشرق میں، آندھرا پردیش کے مچلی پٹنم اور وشاکھاپٹنم سے تقریباً 610 کلومیٹر جنوب مشرق میں اور اڈیشہ کے گوپال پور سے 730 کلومیٹر جنوب میں موجود تھا۔
طوفان کے اثر سے جنوبی بنگال کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ مشرقی مدناپور اور مغربی مدناپور میں شدید سے بہت شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوبی 24 پرگنہ، ہاوڑہ، جھاڑگرام اور بانکوڑا میں بھی بھاری بارش ہوسکتی ہے۔
کولکاتا میں 19 سے 21 نومبر کے درمیان گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال کے ماہی گیروں کو 19 اور 20 نومبر کو ساحلی علاقوں اور سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
طوفان کے پیش نظر اڈیشہ حکومت نے بھی احتیاطی اقدامات شروع کردیے ہیں۔ ریاست کے خصوصی راحت کمشنر نے سیاحت اور ٹرانسپورٹ محکموں کو خط لکھ کر سیاحوں اور عام لوگوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ خطرے والے ساحلی علاقوں میں سمندر میں نہانے، کشتی رانی، واٹر اسپورٹس، کروز اور دیگر سمندری تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے۔ یہ پابندی حالات معمول پر آنے تک برقرار رہے گی۔
اس کے علاوہ غیر محفوظ ساحلوں، جیٹیوں اور دیگر حساس سیاحتی مقامات پر لوگوں کی آمدورفت روکنے، رکاوٹیں لگانے اور انتباہی بورڈ نصب کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ طوفان کے باعث 20 نومبر تک اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں، خراب سمندری حالات، بھاری بارش اور پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔