روس نے اپنے ہی شہریوں کو فالس فلیگ آپریشن میں مارنے کی کوشش کی،پولش اخبار

روسی فوجی انٹیلی جنس ادارے جی آر یو نے کیلینن گراڈ میں ایک سرحدی گزرگاہ اور ایک تنصیب پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔

November 19, 2026 · امت خاص

روس نے اپنے ہی شہریوں کو فالس فلیگ آپریشن میں مارنے کی کوشش کی،پولش اخبار

روس نے اپنے ہی شہریوں کو فالس فلیگ آپریشن میں مارنے کی کوشش کی،پولش اخبار

پولینڈ نے الزام عائد کیا ہے کہ روس نے اپنے علاقے کیلینن گراڈ میں جعلی حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی، جس کے تحت اپنے ہی شہریوں کو نشانہ بنا کر ان ہلاکتوں کا الزام یوکرین پر عائد کیا جانا تھا تاکہ نیٹو ممالک کی جانب سے کیف کی حمایت کمزور کی جا سکے۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق پولش اخبار ریزپوزپولیتا نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوجی انٹیلی جنس ادارے جی آر یو نے کیلینن گراڈ میں ایک سرحدی گزرگاہ اور ایک تنصیب پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس مبینہ منصوبے کے تحت روسی شہریوں کو ہلاک کرکے حملوں کو یوکرین کی کارروائی ظاہر کیا جانا تھا، تاکہ روسی عوام میں یوکرین کے خلاف غم و غصہ پیدا کیا جا سکے اور مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کی حمایت متاثر ہو۔

پولش سیکیورٹی ذرائع نے اس مبینہ منصوبے کا موازنہ 1939 میں نازی جرمنی کے گلائیوٹز واقعے سے کیا ہے، جب جرمنی نے جعلی حملے کو پولینڈ پر چڑھائی کا جواز بنایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اتحادی ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی اس ممکنہ منصوبے سے متعلق پیشگی اطلاعات فراہم کی تھیں۔

نومبر کے آغاز میں مشکوک نقل و حرکت کا پتا چلنے کے بعد پولینڈ نے کیلینن گراڈ کی سرحد پر انسدادِ دہشت گردی کے دستے اور خصوصی فوجی یونٹ جی آر او ایم تعینات کر دیے تھے۔

پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے بھی کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ممکنہ اشتعال انگیز واقعے کو روکنے میں مدد ملی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں