سری نگر/ وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جہاں سری نگر میں رواں سرمائی موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا، جبکہ شوپیاں وادی کشمیر کا سرد ترین مقام رہا، جہاں پارہ منفی 4.2 ڈگری تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ضلع کولگام کے کھڈونی میں پارہ منفی 3.0 ڈگری تک پہنچ گیا۔
اسی طرح پلوامہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا، جبکہ اننت ناگ میں یہ منفی 2.7 ڈگری رہا۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق وادی کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے، جس کے نتیجے میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ادھر جمعرات کی صبح وادی کشمیر کے متعدد علاقوں میں دھند کی ہلکی چادر چھائی رہی، جبکہ شدید سردی کے باعث لوگوں کو سرد موسم کی مزید شدت کا سامنا کرنا پڑا۔