امریکی فضائیہ کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ پر ہیکرز کا کامیاب حملہ ، حساس ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا

تاحال ہیکرز کی شناخت سامنے نہیں آسکی ، یہ بھی واضح نہیں کہ سسٹم سے کون سا ڈیٹا متاثر ہوا

November 27, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی فضائیہ کے اہم کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ کو ہیکرز نے کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ کمپیوٹنگ سسٹم کے ذریعے حساس فوجی آپریشنز اور اہم معلومات کا انتظام کیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سائبر حملے کا انکشاف گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کی جانے والی معمول کی کارروائی کے دوران ہوا۔ واقعے سے آگاہ دو افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس پیشرفت کی تصدیق کی۔

تاحال ہیکرز کی شناخت سامنے نہیں آسکی جبکہ یہ بھی واضح نہیں کہ سسٹم سے کون سا ڈیٹا متاثر ہوا یا کوئی حساس معلومات چوری کی گئی ہیں یا نہیں۔

امریکی فضائیہ نے رائٹرز کو جاری بیان میں کہا کہ وہ مخصوص نیٹ ورکس اور سسٹمز کی سیکیورٹی، ممکنہ کمزوریوں یا آپریشنل صورتحال پر تبصرہ نہیں کرتی۔ تاہم، محکمہ فضائیہ کی معلومات، سسٹمز اور آپریشنل صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جاتے ہیں۔

اس پلیٹ فارم کے ذریعے فوجی اہلکاروں کے ڈیٹا، لاجسٹکس، مواصلاتی نظام اور آلات کی دیکھ بھال سے متعلق امور کا انتظام کیا جاتا ہے۔

سائبر حملے کی مکمل نوعیت اور اس کے ممکنہ اثرات سامنے نہ آنے کے باعث امریکی فضائیہ کے اس اہم ڈیجیٹل نظام کی سیکیورٹی سے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں