امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق کے وزیراعظم علی الزیدی کی جانب سے ملک بھر میں مرکزی حکومت کا اختیار مستحکم کرنے، تیل کی اسمگلنگ روکنے، بدعنوانی کے خاتمے اور تمام مسلح گروہوں کو ریاستی کنٹرول میں لانے کی کوششوں کی حمایت کر دی ہے۔
ٹرمپ کی حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عراقی حکومت نے نیم خودمختار کردستان ریجن میں تیل کے ذخائر، سرحدی گزرگاہوں اور دیگر اہم تنصیبات کا انتظام وفاقی حکومت کے حوالے کرنے کے لیے اقدامات شروع کر رکھے ہیں، ان اقدامات کے باعث بغداد اور کرد قیادت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے جبکہ ایران نواز مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ کے ساتھ بھی حکومت کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ امریکا عراقی وزیراعظم کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد پورے عراق میں ریاستی اختیار قائم کرنا، تیل کی اسمگلنگ روکنا، بدعنوانی ختم کرنا اور تمام ہتھیاروں کو صرف ریاست کے کنٹرول میں لانا ہے۔
یہ پیش رفت محض تیل کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ عراق میں وفاقی حکومت، کردستان کی علاقائی انتظامیہ اور ایران سے قریبی تعلق رکھنے والے مسلح گروہوں کے درمیان اختیارات کی ایک بڑی کشمکش کا حصہ ہے۔
عراق میں اصل تنازع کیا ہے؟
عراق میں 2003 میں امریکی قیادت میں فوجی کارروائی کے نتیجے میں صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک کا سیاسی اور انتظامی ڈھانچہ تبدیل ہوا۔ اس کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی، سیاسی عدم استحکام اور داعش کے خلاف جنگ نے مرکزی حکومت کی عمل داری کو کئی علاقوں میں کمزور کیا۔
اسی دوران کردستان ریجن نے اپنی الگ علاقائی حکومت، پارلیمنٹ، سکیورٹی فورسز اور انتظامی ڈھانچہ برقرار رکھا، عراق کے آئین 2005 کے تحت کردستان کو وفاقی عراق کے اندر ایک تسلیم شدہ خودمختار خطے کی حیثیت حاصل ہے۔
تاہم بغداد اور اربیل کے درمیان کئی اہم معاملات پر طویل عرصے سے اختلافات موجود ہیں، جن میں تیل کی پیداوار اور فروخت، آمدنی کی تقسیم، بجٹ، متنازع علاقوں اور سرحدی گزرگاہوں کا انتظام شامل ہیں۔
تیل اس تنازع کا سب سے اہم پہلو ہے کیونکہ عراق کی معیشت اور سرکاری آمدنی کا بڑا حصہ تیل کی برآمدات پر منحصر ہے۔
تیل کی آمدنی پر بغداد اور کردستان کا تنازع
عراق کی مرکزی حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک سے خام تیل کی سرکاری برآمدات وفاقی آئل مارکیٹنگ کمپنی SOMO کے ذریعے ہونی چاہئیں تاکہ فروخت سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع ہو اور تمام عراقی شہریوں کے مفاد میں استعمال کی جا سکے۔
دوسری جانب کردستان کی علاقائی حکومت طویل عرصے سے اپنے علاقے کے تیل کی پیداوار اور برآمدات پر زیادہ انتظامی اختیار چاہتی رہی ہے۔
یہ تنازع اس وقت مزید سنگین ہوا جب عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے حکم دیا کہ کردستان ریجن کے زیر انتظام بعض تیل کے ذخائر اور سرحدی گزرگاہوں کا انتظام وفاقی حکومت سنبھالے۔
عراقی حکومت کے ترجمان حیدر العبودی نے دعویٰ کیا ہے کہ 2008 سے 2025 کے دوران کردستان کے راستے تیل کی اسمگلنگ کے باعث عراق کو تقریباً 100 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تاہم حکومت نے اس تخمینے کے حساب کتاب کی تفصیلات واضح نہیں کیں اور اس رقم کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوئی۔
عراق کے وزیر تیل باسم محمد نے بھی واضح کیا ہے کہ کردستان اور بصرہ کے تیل کے ذخائر تمام عراقی عوام کی مشترکہ ملکیت ہیں اور ان کا انتظام قومی مفاد کے مطابق ہونا چاہیے۔
ایران نواز مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ بھی نشانے پر
رائٹرز کے مطابق عراقی وزیراعظم علی الزیدی کی کارروائیاں صرف کردستان تک محدود نہیں ہیں بلکہ انہوں نے ایران کے قریب سمجھی جانے والی طاقتور شیعہ مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ کے خلاف بھی اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔
عراقی حکومت کا الزام ہے کہ یہ تنظیم بغداد کے جنوب میں واقع علاقے جرف الصخر میں تیل کی اسمگلنگ کے ایک نیٹ ورک میں ملوث ہے۔
وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے فوج کو اس علاقے میں داخل ہونے کی تیاری کا حکم دیا تھا۔ ابتدا میں تنظیم نے حکومتی کارروائی کی مخالفت کی، تاہم بعد ازاں فوج کو علاقے میں داخلے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
یہ معاملہ اس لیے بھی اہم ہے کہ عراق میں داعش کے خلاف جنگ کے دوران کئی مسلح گروہوں نے غیر معمولی طاقت حاصل کر لی تھی۔ ان میں سے بعض گروہوں کے سیاسی اثر و رسوخ اور ایران کے ساتھ تعلقات بھی ہیں۔
عراق کی حکومت اب ان مسلح تنظیموں کو ریاستی کنٹرول میں لانے اور ہتھیاروں کے استعمال کا اختیار صرف سرکاری اداروں تک محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کرد علاقوں میں سرحدی گزرگاہیں بند، ہزاروں افراد کا احتجاج
عراقی وزیراعظم کے احکامات کے بعد 26 نومبر کو کردستان ریجن میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے تیل کے ذخائر وفاقی حکومت کے کنٹرول میں دینے اور کرد علاقوں میں وفاقی فوج کی تعیناتی کے فیصلے کی مخالفت کی۔عراقی حکام نے شام کے ساتھ الولید سرحدی گزرگاہ اور ایران سے ملنے والی باشماق سرحدی گزرہ گاہ بھی بند کردی ۔
دوسری جانب کردستان ریجنل گورنمنٹ نے عراقی فوجی حکام کے بیانات میں استعمال ہونے والی فوجی زبان اور دھمکیوں پر اعتراض کیا تاہم اس نے یہ بھی کہا کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بدعنوانی اور تیل کی غیر قانونی تجارت کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہتی ہے۔
عراقی وزیراعظم کے حق میں سپریم کورٹ کا فیصلہ
اس تنازع میں علی الزیدی کو ایک اہم قانونی کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے۔
عراق کی اعلیٰ ترین عدالت نے 25 نومبر کو فیصلہ دیا کہ وفاقی حکومت ملک کی تمام بین الاقوامی سرحدوں پر وفاقی فورسز تعینات کر سکتی ہے، جن میں کردستان ریجن کی سرحدیں بھی شامل ہیں۔
اس فیصلے سے بغداد کو کردستان کی سرحدی گزرگاہوں پر اپنا اختیار بڑھانے کے لیے قانونی بنیاد مل گئی ہے۔ تاہم سیاسی مبصرین کے مطابق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد آسان نہیں ہوگا، کیونکہ کردستان میں علاقائی حکومت اور اس کے سکیورٹی اداروں کے اپنے انتظامی اور سیاسی مفادات موجود ہیں۔
علی الزیدی کون ہیں اور ان کے لیے یہ فیصلہ کیوں اہم ہے؟
علی الزیدی 41 سالہ عراقی کاروباری شخصیت ہیں جنہوں نے مئی 2026 میں وزیراعظم کا منصب سنبھالا۔
وہ روایتی سیاست دان نہیں بلکہ ایک کاروباری پس منظر رکھنے والے شخص ہیں۔ انہیں عراق میں حکومت سازی کے لیے مختلف سیاسی قوتوں کے درمیان سمجھوتے کے نتیجے میں اقتدار ملا۔
ان کے سامنے سب سے بڑے چیلنجز میں معیشت کی بحالی، بدعنوانی کا خاتمہ، مسلح گروہوں کو ریاستی کنٹرول میں لانا اور ملک کے قدرتی وسائل پر وفاقی حکومت کی عمل داری مضبوط کرنا شامل ہیں۔
برطانوی پارلیمنٹ کی لائبریری کی ستمبر 2026 کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق عراق میں ایران نواز مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے یا سرکاری سکیورٹی اداروں میں ضم کرنے کا معاملہ نئی حکومت کے اہم ترین چیلنجز میں شامل ہے۔
ٹرمپ کی حمایت کے علاقائی اثرات کیا ہو سکتے ہیں؟
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے علی الزیدی کی حمایت کو عراق میں امریکی پالیسی کے تناظر میں بھی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
امریکا طویل عرصے سے عراق میں ایرانی اثر و رسوخ اور ایران سے منسلک مسلح گروہوں کی طاقت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی حمایت میں صرف تیل کی اسمگلنگ اور بدعنوانی کے خاتمے کا ذکر نہیں کیا بلکہ تمام ہتھیاروں کو ریاست کے کنٹرول میں دینے کی بات بھی کی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن کی دلچسپی عراق میں ایک مضبوط مرکزی ریاست کے قیام اور غیر ریاستی مسلح گروہوں کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے میں بھی ہے۔
تاہم عراق کے لیے یہ ایک پیچیدہ معاملہ ہے، کیونکہ اسے ایک طرف امریکا کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے ہیں اور دوسری جانب ایران کے ساتھ اپنے سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی روابط کو بھی متوازن رکھنا ہے۔
امریکی صدر کی حمایت سے علی الزیدی کی سیاسی پوزیشن کو تقویت مل سکتی ہے تاہم کردستان کی مزاحمت اور مسلح گروہوں کے اثر و رسوخ کے باعث ان اقدامات پر عمل درآمد ایک بڑا امتحان ہوگا۔