نئی دہلی: شیوسینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے مجوزہ حد بندی قانون کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے اسے ملک کے شہریوں سے اقتدار چھیننے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس قانون کی حمایت کرے گا، وہ عوام کے ساتھ دھوکہ کرے گا اور اسے 21ویں صدی کا سب سے بڑا غدار سمجھا جائے گا۔
پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل جمعہ کو ایک بیان میں راؤت نے کہا کہ اگر شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے زندہ ہوتے یا نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے سربراہ شرد پوار کی صحت ٹھیک ہوتی تو یہ بل اس طرح غیر شفاف اور بدعنوان طریقے سے پیش نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے ملک کے ہر محب وطن اور جمہوری سیاسی جماعت سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ میں حد بندی کی اس تجویز کو مسترد کرے۔ راؤت نے الزام لگایا کہ حکمراں جماعت اس بل کی حمایت حاصل کرنے اور ارکان پارلیمنٹ سے کراس ووٹنگ کرانے کے لیے فی رکن 150 کروڑ روپے کی پیشکش کر رہی ہے۔
ان کے مطابق، اس مبینہ سودے بازی کو حتمی شکل دینے کے لیے ہر ریاست میں ایجنٹ تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر میں بی جے پی کے دو ارکان پارلیمنٹ کو اس معاملے میں بات چیت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جن میں ایک جھارکھنڈ اور دوسرا آندھرا پردیش سے تعلق رکھتا ہے۔
راؤت نے کہا کہ جو بھی رکن پارلیمنٹ اس بل کے حق میں ووٹ دے گا، یہ سمجھا جانا چاہیے کہ اس نے 150 کروڑ روپے لیے ہیں۔ عوام اور تاریخ ایسے لوگوں کو ملک کے غداروں کے طور پر یاد رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ غداروں کے نام ہمیشہ یاد رکھتی ہے، جبکہ بعد میں دی جانے والی وضاحتیں اور بہانے وقت کے ساتھ بھلا دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خواتین ریزرویشن بل منظور کرانے کے نام پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جا رہا ہے، لیکن اصل مقصد حد بندی کے قانون کو زبردستی نافذ کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کے تحت لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں کو بڑھا کر 850 سے 860 تک کیا جا سکتا ہے۔
سنجے راؤت نے الزام لگایا کہ بی جے پی کو 2029 کے عام انتخابات میں شکست کا خوف ہے۔ ان کے مطابق ای وی ایم اور مبینہ ووٹوں کی دھاندلی کے الزامات کے بعد اب بی جے پی اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے انتخابی حلقوں کی حدود ازسرنو طے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بی جے پی نے حمایت کے لیے ادھو ٹھاکرے سے رابطہ کیا ہے تو راؤت نے کہا کہ بات چیت تو سبھی سے ہوتی ہے، لیکن ادھو ٹھاکرے کا موقف بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ اس بل کی مخالفت کرے گا، چاہے اس کے لیے انڈیا اتحاد میں رہے یا اس سے باہر ہو جائے۔ واضح رہے کہ راؤت گزشتہ کئی ہفتوں سے مجوزہ حد بندی کے طریقہ کار پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ پارلیمنٹ میں حمایت حاصل کرنے کے لیے پس پردہ جوڑ توڑ کی جا رہی ہے۔