تینوں ممالک نے امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اسحاق دار
فوٹو مقامی میڈیا
اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے جمعے کو اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی میزبانی کی جس میں تینوں ممالک نے مکہ الائنس کے تحت کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ہے۔
اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس کمیٹی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان شامل ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کی۔
سعودی عرب کے وفد میں وزیرِ دفاع خالد بن سلمان، وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے، جبکہ ترکی کی جانب سے وزیرِ خارجہ حقان فیدان، وزیرِ دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو نے اجلاس میں شرکت کی۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 held a press briefing in Islamabad today following the successful conclusion of the Second Meeting of the Strategic Political and Defence Committee (SPDC), under the Makkah Agreement for Joint Defence. pic.twitter.com/UrzeAjfD9x
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 27, 2026
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تینوں ممالک نے امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ شرکا نے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کا اعادہ کیا، جس میں رکن ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم بھی شامل ہے۔ اجلاس میں گذشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا اور سعودی عرب میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک نے علاقائی تنازعات کے پرامن حل، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کی حمایت کی۔
اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی شہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کے لیے مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ دفاعی شعبے، عسکری ٹیکنالوجی اور افواج کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’سعودی عرب کے جنوب میں موجودہ کشیدگی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا ایک نکتہ ہوگا، جو کہ بہت اہم ہے۔‘ انھوں نے تصدیق کی کہ ’سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس کمیٹی‘ کے اجلاس میں سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے وزرائے خارجہ اور دفاع شریک ہوں گے۔
اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ نے شہر میں جمعے کو مقامی عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اتحاد کا اجلاس شہر کے ایک نجی ہوٹل میں ہوگا، جہاں صرف سرکاری میڈیا کو رسائی حاصل ہوگی۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے مکہ دفاعی اتحاد کے معاہدے پر دستخط رواں برس اگست میں کیے تھے، جس کے مطابق ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
مکہ دفاعی اتحاد کی ’اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس کمیٹی‘ کا گذشتہ ہنگامی اجلاس ریاض میں گذشتہ مہینے منعقد ہوا تھا اور پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق وہیں اتفاق ہوا تھا کہ اگلا اجلاس پاکستان میں ہوگا۔