شائع
ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز کی فضائی حدود میں دشمن کا ایک اور جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
فروری میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد تہران نے جوابی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اسرائیل کے علاوہ خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور بعض شہری و صنعتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔ ان حملوں سے بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب سمیت خطے کے مختلف ممالک متاثر ہوئے۔
ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی فضائی حدود میں ایک دشمن جاسوس ڈرون کی نشاندہی کی گئی، جسے مقامی طور پر تیار کردہ فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔ تاہم ڈرون کی قسم، ماڈل یا اس کی ملکیت سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ایک ہفتہ قبل پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں امریکی ایم کیو ون سی ای آر ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ جس کے بعد ایران کی جانب سے گرائے گئے امریکی ڈرونز کی تعداد 20 ہو گئی تھی۔
اس سے پہلے ایرانی فوج نے امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے اور اسے نقصان پہنچانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے کے باعث امریکی طیارے کو مشن ادھورا چھوڑ کر قریبی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ امریکی سینٹکام نے اس دعوے کی تردید کی تھی۔
خیال رہے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اپریل میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی تھی، جون میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی اتفاق کیا گیا، مفاہمتی عمل میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے، ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور جوہری پروگرام سے متعلق اختلافات کے حل جیسے اہم امور شامل تھے۔ تاہم معاہدے کی شرائط پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار رہے اور مذاکرات حتمی امن معاہدے تک نہ پہنچ سکے۔
