شائع
اپ ڈیٹ
افغانستان کے شمال مشرقی صوبے کنڑ کے شہر اسعدآباد میں اسکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 7 طلبہ جاں بحق اور 99 زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق طالبان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے بتایا کہ دھماکا ہفتے کے روز اسعدآباد کے ضلع اندرسر کے علاقے میں ایک اسکول کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں 7 طلبہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 99 دیگر زخمی ہو گئے۔
اس سے قبل رواں سال 17 اگست کو افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے دشتِ برچی میں واقع ایک نجی تعلیمی مرکز میں دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 42 بچے زخمی ہو گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان کے مطابق زخمی بچوں کی عمریں 10 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکا اسکول کے قریب کان کنی کرنے والی کمپنیوں کے دھماکا خیز مواد کے گودام میں ہوا۔
عبدالمتین قانی کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
واقعے کی ویڈیوز میں لوگوں کو زخمی بچوں کو اٹھا کر اسپتال منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کو کنڑ کے صوبائی اسپتال لے جایا گیا، تاہم صحت کے شعبے سے وابستہ اہلکاروں کے مطابق جن زخمیوں کا وہاں علاج ممکن نہیں تھا انہیں جلال آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ جانے والے راستے سکیورٹی فورسز نے بند کر رکھے ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں علاقے میں امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سے متصل افغان صوبہ کنڑ قدرتی معدنی وسائل اور قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر کے باعث خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہاں معدنیات بالخصوص زمرد اور دیگر قیمتی پتھروں کی کان کنی کی جاتی ہے، اس عمل کے دوران سخت چٹانوں کو توڑنے اور زیر زمین معدنی ذخائر تک رسائی حاصل کرنے کیلیے دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ حالیہ دھماکے نے کان کنی کے مقامات کے قریب ایسے مواد کو ذخیرہ کرنے اور اس حوالے سے حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
