شائع
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سینئر مشیر محمد مخبر نے عراق کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آلہ کار نہ بنے اور اپنی سرحدوں کے حوالے سے محتاط طرزِ عمل اختیار کرے۔
سپریم لیڈر کے مشیر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے عراق پر ایران کے ساتھ سرحدی گزرگاہیں بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جس کے باعث دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سرحدی آمدورفت اور تجارتی روابط کا معاملہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
عراقی حکومت نے بین الاقوامی سرحدوں پر وفاقی حکومت کا کنٹرول مضبوط بنانے کے اقدامات بھی کیے ہیں، جنہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل ہے۔ اس سے قبل عراق نے اکتوبر میں ایران کے ساتھ اہم الشیب سرحدی گزرگاہ کو سکیورٹی انتظامات اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تکنیکی جانچ کے باعث بند کر دیا تھا۔
ایرانی میڈیا مہر نیوز ایجنسی کے مطابق محمد مخبر نے ہفتے کے روز ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بغداد کو سرحدی معاملات پر چوکس رہنا چاہیے تاکہ وہ اسلام کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنے اور نہ ہی ٹرمپ کی پالیسیوں پر عمل درآمد کا ذریعہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشترکہ مستقبل کا تصور بنیادی اصول کی حیثیت رکھتا ہے۔ مشکل ترین حالات میں بھی ایران نے پوری قوت کے ساتھ عراقی عوام کا ساتھ دیا اور اپنی دوستی ثابت کی، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور ناقابلِ شکست تعلقات کا تقاضا ہے کہ بغداد اپنی سرحدوں کے معاملے میں محتاط رہے اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنے جو ایران کے مخالفین کے مفادات کو آگے بڑھائے۔
خیال رہے عراقی حکومت نے نیم خودمختار کردستان ریجن میں تیل کے ذخائر، سرحدی گزرگاہوں اور دیگر اہم تنصیبات کا انتظام وفاقی حکومت کے حوالے کرنے کے لیے اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔ ان اقدامات کے باعث بغداد اور کرد قیادت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے جبکہ ایران نواز مسلح تنظیم ’کتائب حزب اللہ‘ کے ساتھ بھی حکومت کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے عراق کے وزیراعظم علی الزیدی کی جانب سے ملک بھر میں مرکزی حکومت کا اختیار مستحکم کرنے، تیل کی اسمگلنگ روکنے، بدعنوانی کے خاتمے اور تمام مسلح گروہوں کو ریاستی کنٹرول میں لانے کی کوششوں کی حمایت کر دی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ عراقی وزیراعظم کی ان کوششوں کی حمایت کرتے ہیں جن کا مقصد پورے عراق میں ریاستی اختیار قائم کرنا، تیل کی اسمگلنگ روکنا، بدعنوانی ختم کرنا اور تمام ہتھیاروں کو صرف ریاست کے کنٹرول میں لانا ہے۔
