شائع
اپ ڈیٹ
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق قیمتوں کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں کمی کی گئی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے منگل کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ البتہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے۔
3 روپے فی لیٹر کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 322 روپے سے کم ہو کر 319 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 357 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔
اوگرا کے مطابق نئی قیمت کا اطلاق 24 نومبر سے ہوگا۔
اس سے قبل حکومت نے 20 نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے کمی جب کہ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مارچ کے مہینے میں اضافہ ہونا شروع ہوا تھا اور تین اپریل کو پیٹرول کی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
بعد ازاں 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
