شائع
پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ گھٹنے کی انجری کے باعث متحدہ عرب امارات میں جاری انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں، جس کی تصدیق ان کی فرنچائز ڈیزرٹ وائپرز نے کر دی ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق نسیم شاہ پیر کے روز شارجہ واریئرز کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔ انہوں نے یارکر پر حریف بلے باز پال والٹر کو بولڈ کیا، تاہم گیند کرانے کے فوراً بعد اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زمین پر گر پڑے۔
فاسٹ بولر کے گرنے کے بعد میڈیکل اسٹاف فوری طور پر ان کی مدد کیلیے میدان میں پہنچا۔ نسیم شاہ کو گراؤنڈ میں ہی طبی امداد فراہم کی گئی اور تکلیف کم کرنے کیلیے ان کے بائیں گھٹنے پر پٹی باندھی گئی، تاہم وہ کھیل جاری رکھنے کے قابل نہ رہے اور لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔
نسیم شاہ دبئی کیپیٹلز کے اگلے میچ میں بھی شرکت نہ کر سکے، جس کے بعد ان کی انجری کی نوعیت سے متعلق خدشات سامنے آئے۔ اب فرنچائز نے تصدیق کی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے مزید میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ڈیزرٹ وائپرز کے ڈائریکٹر کرکٹ ٹام موڈی نے ہفتے کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ نسیم شاہ کی ٹورنامنٹ سے محرومی پر انہیں انتہائی مایوسی ہوئی ہے، کیونکہ وہ نہ صرف ایک بہترین فاسٹ بولر ہیں بلکہ میدان کے اندر اور باہر ٹیم کے لیے قائدانہ کردار بھی ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کے متبادل کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا، تاہم فی الحال یہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کے لیے موقع ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور اس غیر متوقع صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
خیال رہے سالہ نسیم شاہ نے آئی ایل ٹی 20 میں اپنے ابتدائی 2 میچز کے دوران 3 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ان کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی تھی۔
نسیم شاہ کی عدم دستیابی ڈیزرٹ وائپرز کیلیے بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ وہ اپنی تیز رفتار گیندوں، سوئنگ اور عمدہ یارکرز کے ذریعے حریف بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی اگلی بین الاقوامی مصروفیت جنوری میں آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز ہے، جس کیلیے نسیم شاہ کی دستیابی ان کی انجری سے بحالی اور طبی معائنے کی رپورٹس سے مشروط ہو گی۔
