’850 نمبر کو یاد رکھیں، یہ جمہوریت کے قتل کا مظہر ہے‘، راہل گاندھی نے سامنے رکھیں حد بندی کے پیچھے موجود مقاصد

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے حد بندی بل کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے اسے جمہوریت کے قتل کی کوشش قرار دیا ہے۔ انھوں نے مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حد بندی بل اس لیے لایا جا رہا ہے تاکہ سیٹوں کی تعداد 543 سے 850 کیا جا سکے اور انتخابی حلقوں کا خاکہ من مطابق تیار کیا جائے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس حد بندی کے ذریعہ انتخابی حلقے کچھ اس انداز سے تیار کیے جائیں گے، جس سے بی جے پی کا ہمیشہ اقتدار پر قبضہ برقرار رہے۔

یہ باتیں راہل گاندھی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہیں۔ انھوں نے بے باکی کے ساتھ اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ ’’جب ہم نے انہیں ووٹ چوری کے معاملے میں پکڑا تو وہ نئے نئے آئیڈیاز لے کر آ گئے۔ ہم نے ایک راستہ بند کیا تو یہ نئے راستے لے کر آ گئے۔ ہم نے کئی بار ووٹ چوری کے معاملے پر بی جے پی کو گھیر ا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں ’’100 فیصد جین-زی سمجھتے ہیں کہ ووٹ چوری ہوئی ہے۔ بی جے پی بچنے کے نئے راستے تلاش کر رہی ہے۔ ہم نے انہیں ووٹ چوری کے معاملے میں پھنسا لیا ہے۔ ہم گیانیش کمار کے بارے میں جلد ہی ایک بڑا انکشاف بھی کرنے والے ہیں۔‘‘

مودی حکومت پر زوردار انداز میں حملہ کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ’’یہ سوچ کہ وہ جب چاہیں اور جہاں چاہیں انتخابات میں دھاندلی کر سکتے ہیں، اب پرانی ہو چکی ہے۔ وہ اب بھی انتخابات میں دھاندلی کر سکتے ہیں، لیکن ہندوستان جان چکا ہے کہ وہ دھاندلی کر رہے ہیں۔‘‘ وہ بتاتے ہیں کہ ’’ہم نے ایک سروے کرایا ہے۔ اس کے مطابق ہندوستان کے 80 فیصد لوگ اور جین-زی طبقہ کے تقریباً 100 فیصد لوگ مانتے ہیں کہ نریندر مودی، امت شاہ اور گیانیش کمار انتخابات چوری کرتے ہیں۔ حد بندی کی شکل میں اب وہ ایک نیا منصوبہ لے کر آئے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ نیا راستہ کیسا نظر آتا ہے، اس کا ڈھانچہ کیا ہے اور اس کا نتیجہ کیا ہونے والا ہے۔ الیکشن کمیشن (ای سی) نے خود کہا ہے کہ 2024 میں 14 کروڑ ایسے لوگوں نے ووٹ ڈالا، جنہیں 2024 میں ووٹ نہیں ڈالنا چاہیے تھا، یعنی جو اہل ووٹر نہیں تھے۔ اس کا مطلب ہے کہ خود الیکشن کمیشن کے مطابق 2024 کا انتخاب غیر قانونی تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حد بندی کے ذریعہ بھی اقتدار حاصل کرنے کا غلط طریقہ اختیار کیا جائے گا، اور ہم ملک میں آمریت قائم کرنے کی اجازت کبھی نہیں دیں گے۔

راہل گاندھی نے بی جے پی کے ذریعہ ووٹ چوری اور سیٹ چوری کی کچھ مثالیں بھی میڈیا کے سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں نشستوں کی ازسرنو حدبندی کی گئی۔ بہار میں ہم نے آپ کو ووٹروں کے نام حذف کیے جانے کا معاملہ دکھایا۔ آسام میں حد بندی سے پورے صوبے کا ڈھانچہ بی جے پی کے موافق بدل دیا گیا اور مغربی بنگال میں 100 سے زیادہ نشستیں چوری کی گئیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم نے مودی، شاہ اور گیانیش کو گھیر لیا ہے۔ وہ بھی یہ جانتے ہیں اور ہم بھی یہ جانتے ہیں۔ جیسا کہ میں نے آپ سے کہا، ہمارے پاس گیانیش کمار کے بارے میں کافی معلومات ہیں اور وہ بچ نہیں پائیں گے۔ ہم یہ معلومات جلد ہی آپ کے سامنے پیش کرنے والے ہیں۔‘‘

حدبندی بل کے بارے میں وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’حکومت کا ارادہ یہ ہے کہ لوک سبھا میں 543 اراکین کے بجائے 850 اراکین ہونے چاہئیں اور اس کے لیے وہ خواتین کے ریزرویشن کا بہانہ بنا رہے ہیں۔ خواتین ریزرویشن بل پہلے ہی منظور ہو چکا ہے۔ اسے کل ہی نافذ کیا جا سکتا ہے، تو سوال یہ ہے کہ 850 ہی کیوں؟ اس کا جواب آسام اور جموں و کشمیر میں ہے، کیونکہ جب آپ کے پاس کھیلنے کے لیے 850 سیٹیں ہوتی ہیں تو آپ جو چاہے تبدیلیاں کر سکتے ہیں اور ہندوستان کے انتخابی نقشے کو جس طرح چاہیں از سرنو تشکیل دے سکتے ہیں، اس کا دائرہ بہت وسیع ہو جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’اس سے بی جے پی کو اپنے فائدے کے لیے ہندوستان کے انتخابی نقشے کو دوبارہ ترتیب دینے کی گنجائش ملتی ہے، ان طبقوں کی نمائندگی کمزور کرنے کی چھوٹ ملتی ہے جو اس کے خلاف ہیں اور اس کے ذریعہ وہ حزب اختلاف کے مخصوص لیڈران کو نشانہ بنا سکتی ہے۔‘‘ جین-زی طبقہ کو مخاطب کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’جین-زی، براہ کرم 850 نمبر کو یاد رکھیں۔ یہ نمبر ہندوستانی جمہوریت کے قتل کا مظہر ہے۔ اس کا مقصد نریندر مودی، امت شاہ اور گیانیش کمار کو ایک خالی کینوس فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ہندوستان کے انتخابی حلقوں کا نقشہ اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کر سکیں۔‘‘

راہل گاندھی کہنا ہے کہ حدبندی کمیشن کو دیکھ کر بھی بی جے پی کی سازش کا اندازہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’آپ دیکھ سکتے ہیں گیانیش کمار اس کے رکن ہوں گے، ان کے ساتھ سپریم کورٹ کے ایک سابق جج ہوں گے جنہیں مودی اور شاہ منتخب کریں گے۔ کمیٹی کے تیسرے رکن کا انتخاب خود گیانیش کمار کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’گیانیش کمار نے جمہوری نظام کو تباہ ہوتے دیکھا ہے اور اب وہ اس ملک کو تباہ ہوتے دیکھیں گے۔ الیکشن کمیشن پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ اب یہ سب کچھ کرنے کے لیے حدبندی کمیشن کو فعال کیا جا رہا ہے۔ حدبندی کا یہ ڈھانچہ مودی اور شاہ کو مکمل کنٹرول فراہم کرتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ گیانیش کمار کے فیصلوں کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں