
مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر محکمے کی ٹیم نے کام بند کرادیا
فیکٹری غیر رجسٹرڈ تھی جس میں غیر قانونی طور پر نان بائیو ڈی گریڈ ایبل تھیلیاں بنائی جارہی تھیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر محکمہ تحفظ ماحولیات سندھ کی ٹیم نے ممنوعہ پلاسٹک کی تھیلیاں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر کام بند کرا دیا۔ فیکٹری میں ماحولیاتی قوانین کے برخلاف ممنوعہ پلاسٹک کی تھیلیاں تیار کی جارہی تھیں، سپر گلستان کے نام سے فیکٹری سائٹ میں واقع تھی، ڈی جی سیپا کے مطابق فیکٹری غیر رجسٹرڈ تھی جس میں غیر قانونی طور پر نان بائیو ڈی گریڈ ایبل تھیلیاں بنائی جارہی تھیں، فیکٹری میں کام بند کرا دیا گیا ہے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات وارث علی گبول کے مطابق فیکٹری میں یومیہ 500 کلو تک ممنوعہ پلاسٹک کی تھیلیاں تیار کی جارہی تھیں۔ ٹیم نے ماحولیاتی قوانین کے تحت فیکٹری میں کام بند کرایا ہے مشیر ماحولیات سندھ، سیکرٹری ماحولیات اور ڈائریکٹر جنرل سیپا کی ہدایت پر کراچی کے مختلف علاقوں میں اس قسم کی کارروائیاں جاری ہیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کامیاب کارروائی پر سیپا ٹیم کو شاباش دی ہے اور کہاکہ ممنوعہ پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی پر ہر صورت عملدرآمد کروائیں گے۔