
وزیر اعلیٰ ہائوس اور کے الیکٹرک کے دفاتر کے گھیرائو کی دھمکی
اپنی نااہلی چھپانے کے لئے کے الیکٹرک مسلسل شہر میں کیبل وائر کاٹ رہی ہے
کارروائیاں نہ روکی گئیں تو مقدمہ درج کرائیں گے، محمد حسین کا اجلاس سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں کے الیکٹرک کی مسلسل زیادتی کیبل وائر کاٹنے کی کارروائیاں نہ رکنے پر کراچی کیبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کا اجلاس ویلفیئر کے چیئرمین محمد حسین کی سربراہی میں ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں ایسوسی ایشن کے صدر عرفان بابا، ڈپٹی جنرل گلفام حیدر، سیکرٹری جاوید حسین، وائس چیئرمین عابد طیب، فنانس سیکرٹری شاہ ویز خان اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر شہر بھر میں کیبل کاٹنے کے واقعات پر بات چیت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر کے الیکٹرک نے اسی طرح اپنی نااہلی چھپانے کے لیے کیبل کاٹے تو شہر بھر کے کیبل آپریٹرز وزیراعلیٰ ہائوس اور کے الیکٹرک کے دفاتر کا گھیرائو کریں گے اور کے الیکٹرک کے خلاف نقصانات کے مقدمات درج کرائیں گے۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔