
جعلی دستاویزات پر اسمگل شدہ گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن میں ملوث عناصر کیخلاف مقدمہ درج
کراچی (نیوز ڈیسک) محکمہ کسٹمز کی جعلی دستاویزات پر اسمگلڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موٹر رجسٹریشن ونگ کے افسران اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹ کی باہمی ملی بھگت سے پاکستان کسٹمز کے جعلی دستاویزات پر اسمگل شدہ گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن میں ملوث عناصر کی نشاندہی پر پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹوریٹ نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جن میں کلیئرنگ ایجنٹ میسرز ٹریڈ اینڈ ٹرانسپورٹ انٹرنیشنل کے مالک سید دانش فروز، اسمگلڈ گاڑیوں کے مالکان میں زاہد علی، قدیر شاہ، مظفر اقبال، محمد حسن الدین، محمد عثمان، زاہد علی، روزی خان، نادر خان، امجد علی، اویس محمود، امتیاز احمد، عطانورالدین، صدام حسین، تعمیر حسین اور محمد شمشیر شامل ہیں جبکہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کراچی، پشاور اور سوات خیبر پختونخوا کے اسٹاف کے خلاف بھی مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹ میسرز ٹریڈ اینڈ ٹرانسپورٹ انٹرنیشنل کی جانب سے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں محکمہ کسٹمز کی جعلی دستاویزات پر 16 اسمگل شدہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کرائی گئی جن میں 8 ہینو ہیوی ٹرکس، مزدا ٹرک، لینڈ کروزر، جیپ اور بی ایم ڈبلیو کار شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اسمگل شدہ گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن سے قومی خزانے کو ڈیوٹی و ٹیکسوں کی مد میں مجموعی طور پر 12 کروڑ 99 لاکھ 10 ہزار روپے کا نقصان ہوا ہے۔