لاڑکانہ میں ایڈز کے مریض بچوں کی تعداد 900تک پہنچ گئی
٭ عالمی میڈیا چیخ پڑا لیکن حکومت سندھ بے حسی کا شکار ٭
ایڈز پھیلانے والا ڈاکٹر ضمانت کے بعد سندھ کے ایک بنیادی مرکز صحت میں نوکری کررہاہے
رتو ڈیرو میں اب تک 1100 افراد میں ایڈز کی تصدیق ہو چکی ہے ‘ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی میڈیا چیخ پڑا لیکن حکومت سندھ بے حسی کا شکار۔عالمی میڈیا کا کہناہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 11سو مریضوں تک پہنچ گئی ہے اور اس میں 9سو بچے شامل ہیں۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں نیویارک ٹائمز کے حوالے سے پیش کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق سندھ کے علاقے میں رتو ڈیرو میں اب تک 11سو افراد میں ایڈز کی تصدیق ہو چکی ہے جس میں نو سو سے زیادہ چھوٹے بچے ہیں۔رپورٹ کے مطابق رتو ڈیرو میں جس ڈاکٹر کو ایڈز پھیلانے کے الزام میں پکڑا گیا تھا، وہ ضمانت کے بعد سندھ کے ایک بنیادی مرکز صحت میں نوکری کررہاہے جبکہ اتائیوں کے کلینک جن کو ایڈز کے مریضو ں کے منظر عام پر آنے کے بعد بند کردیا گیا تھا ، اب وہ دوبارہ کھل چکے ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق دنیا میں ایڈ ز کی سب سے زیادہ سنگین صورتحال اس وقت سندھ کے علاقے رتو ڈیرو اور لاڑکانہ میں ہے جبکہ حکومت سندھ بے حسی کا شکار ہے۔