جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور نے یمن میں سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد کے فضائی حملوں کو ناحق اور غیرمنصفانہ قرار دیا ہے۔ رابطہ دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 جون کو صعدہ میں کیے گئے حملوں میں ابتدائی معلومات کے مطابق 4 بچوں سمیت کم از کم 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انسانی امور دفتر کے سربراہ لائس گرینڈ نے اس بیان میں کہا ہے کہ ہم ان خوفناک اور ناحق حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے عزیزوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔ گرینڈ نے کہا ہے کہ یمن میں امن قائم کرنے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر کورونا وائرس کی اس صورت حال میں جب امدادی تنظیموں کے فنڈ ختم ہو چکے ہیں، لاکھوں یمنی باشندوں کی زندگی خطرے میں ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اقوام متحدہ کی طرف سے جنگ بندی کی اپیلوں کے باوجود یمن میں جنگ جاری ہے اور ماہِ جنوری سے لے کر اب تک جاری جھڑپوں میں 800 سے زائد انسان ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب انسانی حقوق تنظیموں نے اقوام متحدہ کو یمن میں حوثی باغیوں سے برسر پیکار عرب اتحاد کا نام بچوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کی فہرست سے نکالنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اقوام متحدہ نے گزشتہ برس یہ کہا تھا کہ یمن میں سعودی اتحاد کے حملوں میں 222 بچے ہلاک ہوئے تھے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے الزام عائد کیا ہے کہ سنگین خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق یمن میں 5سال سے جاری جنگ سے ملک مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments
- پنجاب: شہر ترن تارن میں کار میں سوار نوجوانوں پر فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق
- کانگریس نےناگپور ایم ایل سی انتخاب جیتا، ابھیجیت ونجاری نے کیا قبضہ
- دہلی-این سی آر میں صبح سویرے بدلا موسم کا مزاج، کہیں ہوئی ہلکی بوندا باندی تو کہیں تیز بارش
- ایم ایل سی انتخابی نتائج بی جے پی کے لیے بھی فکر انگیز، پی ایم مودی کے پارلیمانی حلقہ میں شکست پر کانگریس نے کیا طنز
- بہار: بیگوسرائے میں لوگوں سے بھری کشتی دریائے ڈھاب میں پلٹی، 2 افراد لاپتہ، 4 زخمی