کراچی : پاکستان ریلوے نے کراچی سرکلو ریلوے (کے سی آر) کو نجی کپمنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین ریلوے حبیب الرحمان گیلانی نے کراچی سرکلر ریلوے کو بی او ٹی (Build Operte and Transfer)کی بنیاد پر بنانے کا اعلان کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ کنسلٹنٹ کمپنی کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے جو 4 ماہ میں اپنی رپورٹ دے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ریلوے نے مزید کہا کہ نجی کمپنی کراچی سرکلر ریلوے کو جدید خطوط پر تعمیر کرے گی، نجی کمپنی اپنے اخراجات پورےکر کے ٹرین کا کنٹرول ریلوے کے حوالے کر دے گی۔
حبیب الرحمان گیلانی کا کہنا تھا کہ اس وقت 6 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہیں، 15 مزید مسافر ٹرینوں کو نجی شعبے کے اشتراک سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے افسران کی ترقی کا فارمولہ منظور کرلیا گیا ہے، اگلے گریڈ میں ترقی کے لیے دوسرے صوبوں میں کم ازکم دو بار تعیناتی لازمی ہو گی اور تربیتی کورس مکمل نہ کرنے والے افسران کی ترقی روک لی جائے گی۔
