ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پونا معاہدہ: دلتوں کو ازلی غلام بنانے کی دستاویز

حافظ محمد ہارون عباس

ذات پات کو ہندو معاشرے کا بنیادی عنصر سمجھا جاتا ہے۔ اس میں اچھوت طبقاتی درجہ بندی کے عدم مساوات کے ڈھانچے میں سب سے نچلی سطح پر ہیں ، جنہیں 1935 تک سرکاری طور پر ‘ڈپریسڈ کلاسز’ کہا جاتا تھا۔ گاندھی جی نے انہیں ‘ہریجن’ کے نام سے نوازا تھا لیکن زیادہ تر اچھوتوں نے اسے قبول نہیں کیا۔اب انہوں نے اپنے لیے ‘دلت’ نام منتخب کیا ہے جو کہ ان کی پستی کی حالت کا اشارہ ہے۔ اس وقت وہ ہندوستان کی کل آبادی کا تقریبا چھٹا حصہ اور کل ہندو آبادی کا پانچواں حصہ ہیں۔ اچھوتوں کو صدیوں سے ہندو سماج میں تمام سماجی ، مذہبی ، معاشی اور تعلیمی حقوق سے محروم رکھا گیا ۔
دلتوں کو کئی طرح کی محرومیوں اور معذوریوں کا سامنا رہا ہے ۔ان کی ہندو سماج اور سیاست میں مساوی حیثیت کے لیے جدوجہد کی ایک طویل تاریخ ہے۔جب مسٹر ایس مونٹاگو ، سیکریٹری آف اسٹیٹ نے 1917 میں پارلیمنٹ میں یہ اہم اعلان کیا کہ برطانوی حکومت کا حتمی ہدف بھارت کو ڈومینین سٹیٹس دینا ہے ،اس وقت دلتوں نے بمبئی میں دو اجلاس منعقد کئے اور دورے پر آئے ہوئے وائسرائے کو ڈیمانڈ لیٹر دیا ۔اس کے نتیجے میں ، نچلی ذات کو مختلف صوبوں میں اپنے مسائل کمیشن کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملا جس نے1919 کی بھارتی آئینی اصلاحات سے پہلے بھی بھارت کا دورہ کیا تھا۔
اس کے بعد مختلف کمیشنوں ، کانفرنسوں اور کونسلوں کا ایک طویل اور پیچیدہ سلسلہ شروع ہوا۔ سائمن کمیشن (1928) نے اعتراف کیا کہ پسماندہ طبقوں کو مناسب نمائندگی دی جانی چاہیے۔ یہ ایک تاریخی اور فیصلہ کن موڑتھا جس میں ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر اور راو بہادر۔ آر نے شرکت کی تھی۔ ایوارڈ کا اعلان برطانوی حکومت نے 1932 میں کیا اور دلتوں کو علیحدہ انتخاب کا آزاد سیاسی حق ملا۔ اس ایوارڈ کے نتیجے میں ، دلتوں کو مخصوص نشستوں پر علیحدہ انتخابات کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق اور عام ذات کے حلقوں میں اعلی ذاتوں کو منتخب کرنے کے لیے دوہرے ووٹ کا حق بھی حاصل ہوا۔اس طرح اچھوتوں کو تاریخ میں پہلی بار سیاسی آئینی حق ملا ، جو ان کی آزادی کی راہ ہموار کر سکتا تھا۔
مذکورہ ایوارڈ کے ذریعے گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ ، 1919 میں دلتوں کو دیگر اقلیتوں مسلم ، سکھ ، اینگلو انڈین ،سمیت اقلیت کی بنیاد پر ، صوبائی اورمرکزی اسمبلیوں کے لیے نمائندے منتخب کرنے کا حق مل گیا اور ان سب کے لیے نشستوں کی تعداد مقرر کی گئی۔اس میں 78 سیٹیں اچھوتوں کے لیے مخصوص حلقوں میں مختص کی گئیں۔
مذکورہ ایوارڈ کے اعلان پر گاندھی جی نے 18 اگست 1932 کو دلتوں کو دیے گئے علیحدہ ووٹ کے حق کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یروڈا(پونا) جیل میں 20 ستمبر 1932 سے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا۔ گاندھی جی کی رائے تھی کہ اس سے اچھوتوں کو ہندو سماج سے الگ کر دیا جائے گا ، جس کی وجہ سے ہندو سماج اور مذہب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائیں گے۔یہ بات اہم ہے کہ انہوںنے مسلمانوں ، سکھوں اور اینگلو انڈین کو دیے گئے حقوق کی مخالفت نہیں کی۔
circa 1900: James Ramsay MacDonald (1866 - 1937), Scottish politician and Britain's first Labour prime ministerگاندھی جی نے برطانوی وزیر اعظم مسٹر رامسے میک ڈونلڈ 18 اگست 1932 کو ایک خط بھیجا جس میں انہوں نے دلتوں کو دیے گئے علیحدہ ووٹ کے حق کو ختم کرنے ، مشترکہ حق رائے دہی کا بندوبست کرنے اور ہندو سماج کو ٹوٹنے سے بچانے کی اپیل کی۔ اس کے جواب میں ، برطانوی وزیر اعظم نے 8 ستمبر 1932 کے اپنے خط میں لکھاکہ برطانوی حکومت کے منصوبے کے تحت پسماندہ طبقات ہندو معاشرے کا حصہ رہیں گے اور وہ برابر ی کی سطح پر ووٹ دیں گے۔ لیکن اس طرح کا نظام پہلے 20 سالوں تک موجود رہے گا اور ہندو معاشرے کا حصہ ہوتے ہوئے ان کے لیے محدود تعداد میں حلقے مخصوص کیے جائیں گے تاکہ ان کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔ ایسی صورت حال میں ایسا کرنا بالکل ضروری ہو گیا ہے۔ جہاں مخصوص حلقے ہیں، وہاں پسماندہ طبقات کو عام ہندووں کے حلقوں میں ووٹ ڈالنے سے محروم نہیں کیا جائے گا۔
لیکن گاندھی جی نے جواب میں کہا کہ صرف پسماندہ طبقات کو دوہرے ووٹ کا حق دے کر انہیں ہندو سماج کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے نہیں روکا جا سکتا۔ پسماندہ طبقات کے لیے علیحدہ انتخاب ہندو مذہب کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ پسماندہ طبقے کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ گاندھی جی نے دوسری اور تیسری گول میز کانفرنسوں میں اسی طرح کے دلائل دیے ، جس کے جواب میں ڈاکٹر امبیڈکر نے گاندھی جی کے دعوے کی تردید کی کہ وہ دلتوں کے واحد نمائندے ہیں۔ ڈاکٹر امبیڈکرنے گاندھی سے کہا کہ وہ دلتوں کے سیاسی حقوق کی مخالفت نہ کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت دلت صرف آزاد سیاسی حقوق مانگ رہے ہیں اور ہندوں سے الگ وطن نہیں چاہتے۔گاندھی جی صرف اونچی ذات کے ہندووں کے مفادات کا تحفظ اور اچھوتوں کو ہندو سماج کا غلام بنا کر رکھناچاہتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ تمام تر حقائق اور دلائل کے باوجود انہوں نے20 ستمبر 1932 کو اچھوتوں کے لیے علیحدہ ووٹ کے حق کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی۔ یہ ایک سنگین صورت حال تھی۔ایک طرف اعلیٰ ذات کے ہندو، گاندھی جی، دوسری طرف ڈاکٹر امبیڈکر اور اچھوت معاشرہ تھا۔ بالآخر سخت دبا و،اچھوتوں کی ممکنہ نسل کشی کے خوف اور گاندھی کی جان بچانے کے لیے ، ڈاکٹر امبیڈکر اور ان کے ساتھیوں کو دلتوں کے لیے علیحدہ انتخابی حق سے دستبردار ہونا پڑا۔اور انہیں 24 ستمبر 1932 کو نام نہاد پونا معاہدے پر اعلی ذات کے ہندووں کے ساتھ دستخط کرنا پڑے۔
اگرچہ پونا معاہدے کے مطابق ، ‘کمیونل ایوارڈ’ میں دلتوں کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد 78 سے بڑھا کر 151 کردی گئی تھی لیکن مشترکہ انتخابات کی وجہ سے ان سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق چھین لیا گیا ، جس کے نتائج دلت معاشرہ آج تک بھگت رہاہے۔ گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ ، 1935 میں پونا پیکٹ کی دفعات کے شامل ہونے کے بعد ، پہلا الیکشن 1937 میں ہوا ، جس میں کانگریس نے 151 میں سے 78 نشستیں حاصل کیں۔
پونا معاہدہ نے دلتوں کو ایک بار پھر ہندووں کا غلام بنا دیا۔اس نظام کے تحت مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین پارلیمنٹ یا ایم ایل اے دراصل دلتوں کی طرف سے نہیں بلکہ مختلف سیاسی جماعتوں اور اعلی ذاتوں سے منتخب ہوتے ہیں اور تمام سیاسی پارٹیاں غلام ذہنیت کے حامل ایسے نمائندوں پر سخت کنٹرول رکھتی ہیں اور کسی بھی دلت مسئلے کو پارٹی لائن سے باہر اٹھانے یا بولنے کی اجازت نہیں دیتیں۔
دراصل ، کمیونل ایوارڈ نے دلتوں کو آزاد سیاسی حقوق دیے ، جس کی وجہ سے وہ اپنے نمائندے خود منتخب کر سکتے تھے اور ان کی آواز بن سکتے تھے۔اس کے ساتھ ،عام حلقے میں دوہرے ووٹ کے حق کی وجہ سے اونچی ذات کے ہندووں میں دلتوں کو ناراض کرنے کی ہمت نہیں تھی۔ اس سے ہندو سماج میں ایک نئی مساوات پیدا ہو سکتی تھی جس سے دلتوں کی آزادی کی راہ ہموار ہوتی۔
تادم مرگ بھوک ہڑتال کا گاندھی کا اقدام بڑی حد تک سیاسی بھی تھاجس کی وجہ سے دلت دوبارہ اعلی ذات کے ہندووں کے سیاسی غلام بن گئے۔ جو بعدمیں ایک موقع پرمیں سردار پٹیل سے ہونے والی ایک گفتگو سے ظاہر ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میں اچھوتوں کے لیے الگ حیثیت کے نتائج سے خوفزدہ ہوں۔ دیگر طبقات کے لیے علیحدہ انتخابی حقوق کے باوجود میرے پاس ان سے نمٹنے کی گنجائش ہوگی لیکن میرے پاس اچھوتوں سے نمٹنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہوگا۔ وہ یہ نہیں جانتے کہ الگ الگ ووٹر ہندوں کو اس قدر تقسیم کریں گے کہ اس کے نتیجے میں خونریزی ہوگی۔ (مہادیوڈیسائی کی ڈائری)
گاندھی جی کے اس بیان سے آپ ان کے اصل مقصد کا اندازہ کر سکتے ہیں ۔
اب مشترکہ نظام کی وجہ سے اعلی ذات کے ہندووں پر دلتوں کے انحصار کی وجہ سے ، دلتوں کی کوئی سیاسی جماعت پھل پھول نہیں رہی ، چاہے وہ ڈاکٹر امبیڈکر کی قائم کردہ ریپبلکن پارٹی ہی کیوں نہ ہو۔اس وجہ سے ڈاکٹر امبیڈکر نے بھی الیکشن میں دو بار شکست کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اعلیٰ ذات کا ووٹ مخصوص نشستوں کا فیصلہ کن عنصر ہے۔ اسی وجہ سے اعلیٰ ذات کی جماعتیں زیادہ تر مخصوص نشستوں پر جیتتی ہیں۔ پونا معاہدے کے ان مضر اثرات کی وجہ سے ڈاکٹر امبیڈکر نے آئین میں سیاسی ریزرویشن کو صرف 10 سال تک جاری رکھنے کے لیے کہا ۔ لیکن مختلف سیاسی جماعتیں اسے دلتوں کے مفاد میں نہیں بلکہ اپنی خود غرضی کے لیے مسلسل 10-10 سالوں تک بڑھاتی رہی ہیں کیونکہ اس سے انہیں اپنے پسندیدہ اور غلام دلت ایم پی ایز اور ایم ایل اے منتخب کرنے کی سہولت ملتی ہے۔
اونچی ذات کی ہندو سیاسی جماعتیں دلت لیڈر خرید لیتی ہیں اور دلت پارٹیاں کمزور ہونے کے بعد ٹوٹ جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ شمالی ہندوستان میں نام نہاد دلتوں کی نام نہاد بہوجن سماج پارٹی بھی برہمنوں کے نعرے قبول کرنے پر مجبور ہے جیسے ہاتھی نہیں گنیش ہے ، برہما ، وشنو ، مہیش ہے۔ اب ان کی تبدیلی بہوجن سے سروجن میں ہوئی ہے۔ ان حالات کی وجہ سے ، دلتوں کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے ، وہ سیاسی طور پر اعلیٰ ذات کے ہندووں کے غلام رہے ہیں۔ اس تناظر میں پونا معاہدے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
اگرچہ پونا معاہدے کی شرائط میں اچھوت کو ختم کرنے ، سرکاری خدمات میں ریزرویشن دینے اور دلتوں کی تعلیم کے لیے بجٹ کی فراہمی کی بات کی گئی تھی ، لیکن 74 سال بعد بھی اس کا نفاذ نہیں ہو سکا۔ڈاکٹر امبیڈکر نے25 ستمبر 1932 کو بمبئی میں پونا معاہدے کی منظوری کے لیے بلائے گئے اعلیٰ ذات کے ہندووں کے ایک اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ ہمیں صرف ایک فکر ہے۔ کیا ہندووں کی آئندہ نسلیں اس معاہدے پر عمل کریں گی؟ اعلیٰ ذات کے تمام ہندووں نے بیک آواز اس کی تائید کی ۔
ڈاکٹر امبیڈکر نے یہ بھی کہا تھا ، ہم دیکھتے ہیں کہ بدقسمتی سے ہندو فرقہ ایک منظم گروہ نہیں بلکہ مختلف فرقوں کا ایک وفاق ہے۔ مجھے امید ہے اور یقین ہے کہ آپ کے اس حصے کو آپ مقدس سمجھیں گے اور احترام کے جذبے سے کام کریں گے۔
کیا آج کے ہندو اپنے آبائو اجداد کی طرف سے دلتوں سے کئے گئے اس معاہدے پر ایمانداری سے عمل کررہے ہیں؟ کیا انہوںنے دلتوں کو اپنے علیحدہ انتخابی نمائندوںکا سیاسی حق دیا ہے اور کیا انہیں اس معاہدے کے ایمانداری سے نفاذ میں اپنا نقصان نظر آرہا ہے ؟

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں