لندن میں سمر ٹائم کا اختتام، گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے کر دی جائیں گی
لندن :برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سمر ٹائم (Daylight Saving Time) کا اختتام ہوگیا ہے، جس کے بعد برطانیہ میں گھڑیاں آج شب ایک گھنٹہ پیچھے کر دی جائیں گی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جب گھڑیوں میں دو بجیں گے تو انہیں ایک گھنٹہ پیچھے کرکے ایک بجا دیا جائے گا، اس طرح برطانیہ میں ونٹر ٹائم کا آغاز ہوجائے گا جو آئندہ سال 29 مارچ تک جاری رہے گا، جس کے بعد گھڑیاں دوبارہ ایک گھنٹہ آگے کر دی جائیں گی۔
ماہرین کے مطابق وقت میں یہ تبدیلی سورج کی روشنی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے کی جاتی ہے تاکہ موسمِ سرما میں کم دن کی روشنی کے دوران توانائی کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وقت کی اس تبدیلی سے شہریوں کو اتوار کی صبح ایک گھنٹہ اضافی نیند کا موقع ملے گا۔ البتہ اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر جدید ڈیوائسز میں وقت خود بخود درست ہوجائے گا، جبکہ دیواروں اور گاڑیوں کی گھڑیوں میں وقت کو دستی طور پر تبدیل کرنا ہوگا۔
سمر ٹائم کے اختتام کے بعد برطانیہ اور پاکستان کے درمیان وقت کا فرق ایک گھنٹہ بڑھ کر 5 گھنٹے ہو جائے گا۔ اس تبدیلی کے ساتھ برطانوی شہریوں کے روزمرہ معمولات، دفاتر اور تعلیمی اوقات میں بھی معمولی ردوبدل متوقع ہے۔