پاکستان

راولپنڈی میں استاد کا طالبعلم پر تشدد، کتاب نہ لانے پر بازو توڑ دیا

راولپنڈی کے علاقے تھانہ صادق آباد کی حدود میں نجی اسکول کے ایک استاد کی جانب سے کتاب نہ لانے پر طالبعلم پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بچے کا بازو ٹوٹ گیا۔ پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے استاد کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق نویں جماعت میں زیرِ تعلیم احمد رضا کو استاد نے دو گائیڈز خریدنے کا کہا تھا۔ ایک کتاب مل گئی، تاہم دوسری مارکیٹ سے دستیاب نہ ہونے پر بچہ خالی ہاتھ اسکول گیا۔

جب پہلے پیریڈ میں قاری طفیل نامی ٹیچر نے کتاب مانگی تو احمد رضا نے صورتحال بتائی، جس پر استاد نے مبینہ طور پر ڈنڈوں سے تشدد کیا اور بازو پر وار کر کے اسے زخمی کردیا۔

متاثرہ بچے کے والد کے مطابق احمد رضا جب گھر آیا تو بازو سوجا ہوا تھا، بعد ازاں اسے بے نظیر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایکس رے میں بازو کے فریکچر کی تصدیق ہوئی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، کیونکہ یہ قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی حفاظت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button