پاکستان

مارکیٹیں کھولنے کیلئے تاجروں کی مشاورت سے لائحہ عمل بنایا جائے،تاجربرادری

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی کے تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ 15 اپریل سے مارکیٹیں نہ کھولی گئیں اور معاشی سرگرمیاں بحال نہ ہوئیں تو تاجر فاقہ کشی کا شکار ہو جائیں گے اور تقریبا ایک کروڑ لوگوںکے بیروزگار ہونے کااندیشہ ہے۔ آج ٹمبر مارکیٹ میں تاجروں کے مشترکہ اجلاس میں یہ مطالبہ کیا گیاکہ وزیراعلی سندھ فوری طور پر تاجر رہنماؤں کے ساتھ مل کر 15 اپریل کو مارکیٹیں کھولنے کے لیے ایس او پی تیار کروائیں ۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ ہم تمام حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لاتے ہوئے مارکیٹیں کھولنا چاہتے ہیں تا کہ کورونا وائرس کی وبا ء سے بچا جا سکے اور عوام بھوک و فاقہ کشی سے بھی محفوظ رہیں۔ ہم مارکیٹیںکھولنے سے قبل سوشل ڈسٹینسنگ ، ماسکس ، سینی ٹائزر اور ڈس انفکشن گیٹ لگا کر بازار کھولنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ۔ اجلاس سے آل سٹی
تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی ،اسمال ٹریڈرزآرگنائزیشن کراچی کے صدر محمود حامد ،سندھ تاجر اتحاد کے رہنما جمیل پراچہ ،ا نجمن تاجران سندھ کے صدر جاوید شمس اور دیگر تاجر رہنماؤں نے خطاب کیا اور 15 اپریل سے اپنے کاروبار کھولنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس وقت جبکہ کورونا وائرس جیسی سنگین وباء سے قوم لڑ رہی ہے اور ہزاروں لوگ اس سے متاثر ہیں ایسے موقع پر حکومت سندھ اور مرکزی حکومت کا کا محاذ آرائی کرنا کسی المیے سے کم نہیں تاجر رہنماؤں نے تمام سیاسی جماعتوں صوبائی اور مرکزی حکومتوں سے اپیل کی کے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں تمام اختلافات بھلا کر ایک پیج پر آجائیں ۔ اس موقع پر سیاست اور اختلافات کو ختم کر دیں ۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کی امدادی سرگرمیاں اعلانات سے آگے نہ بڑھ سکیں۔ اس وقت غریب افراد کو راشن پہنچانے میں میں مخیر تاجربرادری یا این جی اوز نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق بجلی ،گیس اور ٹیلیفون کے بل معاف کرے۔ صوبائی اور مرکزی ٹیکسوں کی معافی کا اعلان کیا جائے ۔ پیٹرول کی قیمت میں 50روپے کی کمی کی جائے ۔آٹا ، چینی ،دالوں اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کی جائے نیز حکومت ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور اور تاجروں کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے بلا سود قرضوں کا فوری طور پر اجرا کرے اجلاس سے سے جاوید شمس سلیم بٹلہ، بابر بنگش ،سلیم راجپوت، سید سعید احمد ،الیاس میمن ،کاشف صابرانی، محمد ذیشان، اسماعیل لائیلپوریہ، احمد شمسی ، راناوحید،سید محمد سعید،فیصل جان کبیر،حافظ عثمان صدیقی،حافظ طیب صدیقی،عبدلرحمان،چودھری ایوب،محمد ارشد اور دیگر تاجروں نے خطاب کیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14اپریل کو ہنگامی پریس کانفرنس میں مارکیٹ کھولنے کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button