امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک غیر متوقع اقدام کے تحت فوج کو فوری طور پر جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے تصدیق کی کہ انہوں نے محکمہ دفاع (ڈیپارٹمنٹ آف وار) کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کے تجربات کا عمل فوراً شروع کیا جائے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو ان تمام ممالک کے برابر ہونا چاہیے جو پہلے سے ہی جوہری ٹیسٹنگ کے پروگرام رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق عالمی طاقتوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ امریکا اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ جوہری ہتھیار امریکا کے پاس موجود ہیں، جب کہ روس اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ چین تیزی سے اپنی دفاعی طاقت میں اضافہ کر رہا ہے اور آئندہ پانچ برسوں میں ممکنہ طور پر امریکا کے برابر پہنچ سکتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ فیصلہ اس حقیقت کے پیش نظر کیا گیا ہے کہ دیگر ممالک نے اپنے نیوکلیئر ٹیسٹنگ پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں، لہٰذا امریکا کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی پوزیشن کو کمزور نہ ہونے دے بلکہ عالمی سطح پر اپنی برتری برقرار رکھے۔