بولیویا‘ سابق صدر کو مسلسل حراست میں رکھنے کے احکامات جاری
لاپاز: سابق صدر کو بدعنوانی کے ایک مقدمے میں سماعت سے قبل مسلسل زیرحراست رکھنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق بولیویا کی ملکی عدالت نے سابق صدر لوئس آرثے کو مذکورہ مقدمے کی سماعت سے قبل 5 ماہ کے لیے حراست میں رکھنے کا حکم صادر کردیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق استغاثہ کی جانب سے ایک رٹ دائر کی تھی کہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک لوئس آرثے کو حراست میں رکھا جائے۔ درخواست میں استغاثہ نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ سابق صدر کی جانب سے فرار ہونے یا تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کا اندیشہ موجود ہے۔
حکام کے مطابق جج ایلمر لورا نے لوئس آرثے کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور خزانے کو مالی نقصان پہنچانے کے الزامات میں ابتدائی طور پر قصوروار قرار دیا۔ادھر دوسری طرف دفاع نے موقف اختیار کیا کہ لوئس آرثے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور اپنی ضعیف والدہ کی دیکھ بھال کے باعث انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ واضح رہے کہ عدالتی حکم کے مطابق سابق صدر کو دارالحکومت لاپاز کی جیل میں رکھا جائے گا۔