ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں پر سیاست، شہدا کی توہین ہے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور

اسلام آباد:وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں لیکن افسوس ہے کہ آج وہیں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر سیاست کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات پر مخالفت دراصل دہشت گردوں کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے، خیبر پختونخوا نے سب سے زیادہ لاشیں اٹھائیں، سب سے زیادہ تباہی دیکھی اور سب سے زیادہ قربانیاں دیں لیکن آج سیاسی مفادات کی خاطر ان کارروائیوں پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کی مخالفت نے یہ سنگین سوال کھڑا کیا ہے کہ کیا اقتدار کی سیاست قومی سلامتی سے زیادہ اہم ہو گئی ہے، جن عناصر نے مساجد، بازار، اسکول اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، ان کے خلاف کارروائی پر ابہام پیدا کرنا شہدا کے خون کے ساتھ ناانصافی ہے۔

طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ پاک فوج، پولیس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ہزاروں جوانوں نے اس وطن کے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، مائیں اپنے بیٹوں سے محروم ہوئیں، بچے یتیم ہوئے اور خاندان اجڑ گئے۔ یہ قربانیاں کسی سیاسی بیانیے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے محفوظ مستقبل کے لیے دی گئی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحریک طالبان پاکستان کوئی ناراض فریق نہیں بلکہ ایک تسلیم شدہ دہشت گرد تنظیم ہے جس کے ہاتھ ہزاروں پاکستانیوں کے خون سے رنگے ہیں۔ ایسے میں ریاستی کارروائیوں پر نرم رویہ اختیار کرنا اور مخالفت کرنا ان قربانیوں کی توہین کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرے اور افواجِ پاکستان یہی آئینی ذمہ داری نبھا رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کنفیوژن کی کوئی گنجائش نہیں، قومی یکجہتی لازمی ہے اور سیاست اپنی جگہ مگر ریاست، سلامتی اور شہدا کی قربانیاں ہر چیز سے بالاتر ہونی چاہئیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں